ناندیڑ: ایک نوجوان پر جان لیوا حملہ

1,080

ناندیڑ:11دسمبر ( ورقِ تازہ نیوز)ضلع میں دن بہ دن جرائم میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ لوٹ مار، سرقہ بالجبر اور مارپیٹ جیسی وارداتیں روزانہ رونما ہورہی ہیں۔ سڈکو کے وجئے نگر علاقہ میں چہارشنبہ کی شب ایک نوجوان کے دوست کی سالگرہ منائی جارہی تھی۔ اس درمیان دو افراد نے نوجوان پر خنجر سے جان سے لیوا حملہ کردیا۔ جس میں نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سڈکو کے وجئے نگر علاقہ کا ساکن انس سنگھ گرمیت سنگھ سندھو ( 18 سال) چہارشنبہ کی شب 9 بجے وجئے نگر میں واقع پاٹل ہوٹل کے سامنے اپنے ایک دوست کی سالگرہ منانے کے لیے دوستوں کے ہمراہ کھڑے ہوئے تھے۔ اس وقت دو افراد نے انس سنگھ کے ساتھ مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے تنازعہ کردیا کہ ” تو ہمیں کیوں دیکھ رہا ہے، یہ ہمارا علاقہ ہے، زیادہ ہوشیاری کرے گا تو تجھے ختم کردیں گے۔“

اس کے بعد تلوار کی دھاک پر دھمکی دیتے ہوئے ایک تھپڑرسید کردیا ۔ جبکہ دوسرے شخص نے نوجوان کے پیٹ میں تیز دھار خنجر سے وار کردیا۔ جس سے نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ حملہ کے بعد انس سنگھ کے پیٹ سے کافی خون بہتا ہوا دیکھ کر دونوں حملہ آور فرار ہوگئے۔ اس معاملہ میں انس سنگھ سندھو کی دی گئی شکایت پر دیہی پولیس اسٹیشن میں مذکورہ دو افراد پر مقدمہ درج کیا گیا۔ مزید تحقیقات سب انسپکٹر وجئے پاٹل کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے دیہی پولیس اسٹیشن کے حدود میں سنگین جرائم کی وارداتوں سے شہریان میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔ پولیس کو جرائم پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھانے چاہئیں، اس طرح کا مطالبہ شہریان کی جانب سے کیا جارہا ہے۔