ناندیڑ۔:دیگلورناکہ و قدیم شہر میں لوڈ شیڈنگ بند کی جائے
ناندیڑ۔ 18 فروری ( نامہ نگار ):قدیم شہر اور دیگلورناکہ علاقہ میں پچھلے کچھ دنوں سے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ اسی سلسلہ میں آج کانگریس پارٹی کے ایک وفد نے بجلی کمپنی کے چیف انجینئر سے ملاقات کر کے انہیں ایک میمورنڈم پیش کیا۔ جس میں بتایا گیا کہ قدیم شہر اور دیگلورناکہ اور اطراف کے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس سے لوگوں کو کافی مشکلات پیش آرہی ہے۔
اب موسم گرما شروع ہو نے جارہا ہے اور آئندہ ماہ رمضان المبارک کا بھی آغاز ہونے والا ہے اس بات کے مد نظر بجلی کمپنی ابھی سے ہی بجلی ٹرانسفارمراوربجلی لائین کے مرمتی کام مکمل کر لیں۔ اسی طرح قدیم شہر اور دیگلورناکہ پر ہر جمعہ کے دن بجلی سربراہی منقطع کی جارہی ہے یہ بات بھی ناقابل برداشت ہے۔ میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا کہ قدیم شہر اور دیگلورناکہ کو شہر کے دوسرے علاقوں کی طرح مسلسل بجلی سربراہی کی جائے اور رمضان میں کسی بھی قسم کی کوئی دشواری پیش نہ آئے اس کے لیے ابھی سے نظم کیا جائے ۔ اس وفد میں سابق ڈپٹی میئر مسعود احمد خان، سابق کارپوریٹر سید شیر علی، عبدالرشید، رحیم احمد خان، انصار احمد خان و دیگر موجود تھے۔