لوہا:(ضلع ناندیڑ)25اپریل (ور ق تازہ نیوز)ناندیڑضلع کے تعلقہ لوہا میں کوروناسے متاثرہ تھوڑے سے وقفہ سے ایک ہی خاندان کے دو افراد کے دم توڑنے کے بعداب چاردردناک واقعات پیش آچکے ہیں ۔ان پریشان کن واقعات کے صدمے سے لوگ ابھی نکل بھی نہیں پائے تھے کہ 24اپریل کی صبح کو کورونا سے متاثر باپ نے دم توڑ دیا اس کے بعد اس کے نوجوان بیٹے نے صرف دیڑھ گھنٹہ کے وقفہ سے اپنی زندگی کاسفر ختم کردیا

۔تھوڑے سے وقفہ سے دو افراد کے ہلاک ہونے کایہ پانچواں واقعہ ہے جس نے شہریان لوہا کا دل ہلاکر رکھ دیا ہے اوروہ خدا سے پناہ مانگ رہے ہیں۔ پرانے لوہا کا 55سالہ ارون باڑدیکر ایک دوکان پرمنیم کی نوکری کرتاتھا اس کاایک بیٹا سائی ناتھ تھا جس کی عمر 22سال تھی اور وہ غیر شادی شدہ تھا ۔باپ ارون باڑدیکر اوراس کابیٹا سائی ناتھ کوروناسے متاثر ہوئے تھے جن کوناندیڑ کے ایک خانگی اسپتال میں شریک کیاگیاتھا ۔

دونوں کوآکسیجن لیول بہت کم ہوگیا ۔ڈاکٹروں اور رشتہ داروں نے دونوں کوبچانے کی بہت کوشش کی لیکن خداکوجو منظورتھا وہ ہوکر رہا۔24 اپریل کی صبح تین بجے باپ ارون نے دم توڑااور افسوس کہ صرف دیڑھ گھنٹے کے وقفے کے اس کے جوان بیٹے سائی ناتھ نے بھی توڑ دیا ۔اس دردناک خبرنے شہریان کو صدمے میں ڈال دیا ۔بالاجی راجورکر نے ایک ہی وقت میں اپنے باپ ارون اورر چھوٹے بھائی سائی ناتھ کی چیتا کو آگ دی ۔ کورونادور میں یہ پہلاواقعہ ہے۔