ناندیڑ:کسان فیشن مال و ڈی مارٹ کو 10 ہزار روپئے جرمانہ

40

ناندیڑ:4جولائی ( ورقِ تازہ نیوز) ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے خصوصی اسکواڈ نے اچانک دبش دے کر کسان فیشن مال و ڈی مارٹ سے ایک کونٹل پلاسٹک ضبط کی ہے۔ مذکورہ دونوں کاروباری اداروں سے دس ہزار روپئے جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔ گزشتہ چند مہینوں میں ناندیڑ میونسپل کارپوریشن نے بڑے کاروباری افراد پر اس طرح کی کارروائی کی۔ حکومت نے سنگل پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔ اس فیصلہ پر بتاریخ یکم جولائی سے شہر و ضلع میں عمل آوری کی جارہی ہے۔ شہر میں کارروائی کے لیے ناندیڑ میونسپل کارپوریشن نے مختلف اسکواڈ تشکیل دیئے ہیں۔ شہر کو پلاسٹک سے نجات دلانے کے لیے زبردست کارروائی شروع کی گئی ہے۔

میونسپل کارپوریشن کے اسکواڈ نے 4 جولائی سے آئی ٹی آئی کارنر پر واقع کسان فیشن مال و بگ بازار کے ڈی مارٹ جیسے بڑے کارروباری اداروں پر دبش دی۔ اس موقع پر اسکواڈ نے حکومت کی جانب سے ممنوعہ ایک کونٹل پلاسٹک ضبط کیا۔ حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر کسان مال اور ڈی مارٹ سے پانچ ہزار ، اس طرح جملہ دس ہزار روپئے کا جرمانہ وصول کیا۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات و راستوں پر کچرا پھینکنے والے سات شہریان پر جرمانہ کی کارروائی کرتے ہوئے ان کے پاس سے ساڑھے چار ہزار روپئے جرمانہ وصول کیا گیا۔ اسی طرح شہر میں پلاسٹک کا استعمال کرنے والے کاروباری اداروں اور شہریان پر کارروائی کی جائے گی۔

راستوں پر تعمیری اشیاءو دیگر رُکاوٹ پیدا کرنے والی اشیاءڈال کر ٹریفک میں خلل اندازی کا سبب بننے والوں کے خلاف بھی جرمانہ کی کارروائی کی جائے گی۔ مذکورہ کارروائی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر سنیل لہانے، ایڈیشنل کمشنر ڈاکٹر بابا صاحب منوہرے، گریش کدم، ڈپٹی کمشنر نلیش سنکیوار کی رہنمائی میں زونل آفیسر راجیش چوہان، رمیش چورے، ڈاکٹر رئیس الدین، چیف صفائی انسپکٹر وسیم تڑوی، صفائی انسپکٹر موہن لانڈگے، سنجے جگتکر، شیخ نعیم، کشن واگھمارے، کشن تارو، وجئے واگھمارے و دیگر نے حصہ لیا۔