ناندیڑ:ڈی جے پر ناچتے ہوئے نوجوان کی ہارٹ اٹیک سے موت; ویڈیو وائرل

2,167

ناندیڑ : 26 فروری ( ورقِ تازہ نیوز) اپنے ایک رشتہ دار کی شادی میں ڈی جے پر ناچتے ہوئے شیونی موضع کے ساکن ایک نوجوان کی ہارٹ اٹیک سے موت ہوگئی۔ مہیسہ کے قریب پارڈی خورد کے گاﺅں میں شادی کی تقریب میں یہ افسوس ناک واقعہ 25 فروری کو پیش آیا۔ شیونی موضع میں آج انتہائی غمگین ماحول میں نوجوان کی آخری رسومات ادا کی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق شیونی کا رہنے والا وشوناتھ جانگیواڑ (18 سال) ایک شادی کی تقریب کے ضمن میں 23 فروری کو مہیسہ سے قریب پارڈی خورد گاﺅں میں گیا تھا۔

24 فروری کو شادی کی تقریب منعقد ہوئی اور 25 فروری کو منعقدہ استقبالیہ تقریب کے دوران ڈی جے بجایا گیا۔ اس ڈی جے کی دُھن پر ناچتے ہوئے مذکورہ نوجوان اچانک گر پڑا۔ جس میں اس کی موت ہوگئی۔ بتایا جارہا ہے کہ اس نوجوان کی موت ہارٹ اٹیک کے باعث ہوئی ہے۔ اس واقعہ کا

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے جس کو دیکھنے کے بعد شیونی موضع میں ہر کوئی رنج و افسوس کا اظہار کرنے لگا۔ مذکورہ نوجوان کو ڈی جے کی دھن پر ناچتے ہوئے دیکھ کر وہاں موجود کچھ لوگ اس کی ویڈیو بنا رہے تھے کہ اسی وقت نوجوان اچانک گر پڑا۔ یہ دیکھ کر وہاں موجود لوگوں نے فوری طور پر اُسے اُٹھانے کی کوشش کی تاہم نوجوان کی سانس نہیں چل رہی تھی۔

نوجوان کو فوری طور پر تلنگانہ کے مہیسہ میں لے جانے کی تیاری کی جارہی تھی تاہم اس کی موت ہوگئی تھی۔ اس افسوس ناک واقعہ کی اطلاع نوجوان کے رشتہ داروں کو دی گئی اور 26 فروری کو شیونی موضع میں انتہائی غمگین ماحول میں اس کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ واضح رہے کہ شہر و دیہی علاقوں میں شادی کی تقریب میں اپنے بہن یا رشتہ دار کی شادی میں ڈی جے کا لطف اٹھانے کے لیے نوجوان پُر جوش دکھائی دیتے ہیں۔ جبکہ کچھ نوجوان ایسے موقع پر شراب پی کر ناچتے ہیں۔