ناندیڑ:ڈاکٹر حکیم خان عامر کا مفت طبی خدمات فراہم کرنے کا اعلان

2

ناندیڑ:31؍مارچ( نامہ نگار) ایک ایسے وقت جبکہ شہر ہی نہیں سارے ملک میں افراتفری کا ماحول ہے اور ناندیڑ کے نامی گرامی خانگی اسپتال کورونا مرض کے خوف سے اپنے دواخانے بند کرچکے ہیں۔ ناندیڑ کے معروف ہندی روزنامہ ناندیڑ پربھائو کے مدیر و سینئرڈاکٹر حکیم خان عامر نے چھوٹے موٹے امراض میں مبتلا ملت کے مرد و خواتین و بچوں کے لیے اپنی مفت خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ڈاکٹر حکیم خان عامر کے اس اعلان سے اُن سینکڑوں ہزاروں مردوخواتین کو یقیناً راحت ملے گی جو بڑے بڑے خانگی اسپتالوں کے چکر کاٹنے کے باوجود علاج سے محروم ہیں۔ عیاں رہے کہ ان دنوں کورونا مرض وبائی مرض کی شکل اختیار کرگیا ہے اور سرکاری طبی مشنری اس مرض کے دفاع اور تدارک کے لیے جاں سوز کوششیں کررہی ہیں اس معاملہ میں خانگی اسپتالوں کے نامی گرامی ڈاکٹروں کا رویہ انتہائی منفی ہے۔

کورونا سے خوفزدہ ہوکر ناندیڑ کے معروف ڈاکٹروں نے اپنے اسپتالوں کو مقفل کرکے گھر میں بیٹھنے کو ترجیح دی ہے۔ تاہم ڈاکٹر حکیم خان عامر کو اس سے استثنیٰ دیا جاسکتا ہے کیونکہ انہوں نے بذات خود اس بات کا اعلان کیا ہے کہ دیگلور ناکہ کے مضافات میں واقع بستیاں جیسے عمران کالونی، لکشمی نگر، گلشن کالونی، اسلام پورہ و دیگر بستیوں کے غریب غرباء ، مساکین مریضوں کے چھوٹے موٹے امراض کا علاج محض حقوق العباد اور اللہ رب العزت کی خوشنودی کی خاطر مفت کریں گے۔

واضح رہے ڈاکٹر حکیم خان عامر کا یہ اسپتال جی ایم کلینک کے طور پر قدیم شہر میں شہرت کا حامل ہے۔ اور ڈاکٹر حکیم خان عامر سے رجوع ہونے والے بیشتر مریض اللہ کے فضل و کرم سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ ضرورت مندوں کو ڈاکٹر حکیم خان عامر کے کلینک کا پتہ اور تشخیص کے اوقات نوٹ کرلینے چاہئے۔ جی ایم کلینک، ٹیپو سلطان روڈ، متصل آر کے میڈیکل ہال واقع ہے اور اس کے اوقات صبح گیارہ بجے سے دوپہر تین بجے تک ہیں جبکہ شام سات بجے سے شب دس بجے تک چھوٹے موٹے امراض میں مبتلا مرد و خواتین علاج کے لیے رجوع ہوسکتے ہیں۔

غور طلب بات یہ ہے کہ ڈاکٹر حکیم خان عامر نے لاک ڈائون جاری رہنے تک اس طرح مفت خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔