ناندیڑ:پیربرہان نگر کی سمت آنیوالے سڑک پر بھاگیہ نگر میں گیٹ نصب کرنے پراعتراض

344

ناندیڑ۔ ۴۱ ستمبر ( نامہ نگار ):ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کا عام اجلاس آج صبح ۱۱ بجے میئر بلدیہ جے شری نیلیش پاﺅڑے کی صدارت میں منعقد ہوا تھا۔ اس اجلاس میں میونسپل کمشنر ڈاکٹر سنیل لہانے ، ڈپٹی میئر عبدالغفار، ہاﺅس لیڈر ایڈوکیٹ کنکدنڈے ، اپوزیشن لیڈر دیپک راﺅت سمیت ایڈیشنل کمشنر ، ڈپٹی کمشنر ، بلدیہ کے اعلیٰ عہدیداران اور تمام کارپوریٹرس موجود تھے۔ اجلاس کے آغاز پر کارپوریٹرس نے اپنے اپنے علاقوں کے شہری مسائل پر توجہ مبذول کروائی۔

پیر برہان نگر کے کارپوریٹر فاروق علی خان نے کہا کے بھاگیہ نگر والوں نے عوامی راستوں پر گیٹ بٹھا کر پیر برہان کی طرف آنے والے راستے بند کر دیئے ہیں جس سے عام لوگوں کو کافی پریشانی پیش آرہی ہے۔ انہوں نے عوامی راستے کو اس طرح سے گیٹ لگا کر بند کرنے پر سخت ناراضگی ظاہر کی اور کہا کے اس طرح سے دو سماجوں میں نفرت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بیشتر کارپوریٹرس نے اسٹریٹ لائٹ بند ہو نے کی شکایت کی ۔ ڈاکٹر عرشیہ کوثر نے پربھاگ نمبر ۲۱ میں جاری تعمیر ی کاموں کے متعلق شکایت کی کانٹریکٹر مناسب کام انجام نہیں دے رہا ہے۔

سابق میئر و سینئر کارپوریٹر عبدالستار نے ریاستی حکومت کی جانب سے بی او ٹی کے کاموں کو اسٹے دینے پر شدید ناراضگی ظاہر کی اور کہا کے بی جے پی کی یہ حکومت شہر کے ترقیاتی کاموں میں رخنہ اندازی ڈال رہی ہے جو مناسب نہیں انہوں نے قدیم شہر میں بھی بنجارہ ہاسٹیل ، حیدر باغ پانی کی ٹانکی کے پاس بلدیہ کے شاپنگ کامپلیکس تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس پارٹی کے ترجمان و کارپوریٹر منتجب الدین نے پربھاگ نمبر ۸ نئی آبادی مخدوم نگر کے شہری مسائل پر آواز اٹھائی اور کہا کے پچھلے کئی دنوں سے پربھاگ میں ڈرینج کا مسئلہ سب سے زیادہ پیش آرہا ہے۔ سڑکوں پر ڈرینج کا پانی بہہ رہا ہے اور کئی لوگوں کے بیت الخلاءمیں ڈرینج کا پانی واپس جمع ہو رہا ہے جس سے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی طرح منتجب الدین نے کہا کے سرکاری اراضی پر بھی پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت گھرکول تعمیر کر کے دیئے جاسکتے ہیں۔

جس طرح سے نئی آبادی کے اوپری فلور کے مکانات کے لیے ۴۱ نمبر ڈی پی آر میں منظوری ملی ہے اسی طرز پر شہر کے نئی آبادی ، مخدوم نگر اور دیگر بلدیہ کے اراضی پر بسے ہوئے علاقوں میں بھی پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت گھرکو ل منظور کرنے کے لیے ان کا سروے کیا جائے اور نیا ڈی پی آر تیار کر کے حکومت کے پاس منظوری کے لیے بھیجا جائے۔ کارپوریشن کی جانب سے مارچ اور اپریل میں مختلف ثقافتی پروگرام منعقد ہوئے تھے اور مشاعرہ کا بھی اعلان کیا گیا تھا اس لیے آج کے اجلاس میں مشاعرہ کی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ منتجب الدین کی جانب سے کیا گیا جس پر میئر جئے شری پاﺅڑے اور میونسپل کمشنر ڈاکٹر سنیل لہانے نے اعلان کیا کہ آئندہ 24 ستمبر کو بلدیہ کی جانب سے مشاعرہ کا انعقاد کیا جائے گا۔ آج کے اس اجلاس میں ایجنڈہ پر موجود کئی قراردادوں پر بحث ہوئی اور ایک قرارداد چھوڑ کر باقی تمام قراردادوںکو منظوری دی گئی ۔