ناندیڑ:پولیس چوکی کے قریب اے ٹی ایم پھوڑنے کی کوشش

 ناندیڑ:25جولائی ( ورقِ تازہ نیوز) ضلع میں لوٹ مار، سرقہ بالجبر، قفل شکنی جیسی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اتوار کی شب واجے گاﺅں میں پولیس چوکی کے قریب اے ٹی ایم کو نامعلوم افراد نے پھوڑنے کی کوشش کی۔ اس معاملہ میں دیہی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شہر و اطراف میں سارقین نے کافی دھوم مچارکھی ہے۔

ہر روز دو تا چار مکانوں میں سرقہ کی وارداتیں رونما ہورہی ہیں۔دیہی پولیس اسٹیشن کے حدود میں تو چوروں کو پولیس کا کوئی خوف نہیں رہا۔ سارقین چوری کرنے کے بعد آزادانہ طور پر گھوم رہے ہیں۔ 24 جولائی کی نصف شب نامعلوم سارقین نے واجے گاﺅں پولیس چوکی کے قریب واقع ایک اے ٹی ایم کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور اے ٹی ایم کو پھوڑ کر اس میں سے پیسے نکالنے کی کوشش کی۔

اس واردات کی اطلاع پولیس کو ملنے کے بعد پولیس نے جائے واردات پہنچ کر معائنہ کیا ۔ نامعلوم افراد کے خلاف گوپال دیشمکھ کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس چوکی کے قریب اے ٹی ایم پھوڑنے کی کوشش کیے جانے کے بعد پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگائے جارہے ہیں۔