ناندیڑ:ٹرک ڈرائیور کا قتل

ناندیڑ: 19جون (ورقِ تازہ نیوز)بالاجی پیٹرولیم کے پاس گوپال سنگھ راٹھوڑ نامی نوجوان کو قتل کرنے کی واردات پیش آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اندور سے ٹرک ڈرائیور گوپال امرسنگھ راٹھوڑ (33 سال) اور ٹرک مالک اپنے چھوٹے بھائی کے ہمراہ اندور سے حیدرآباد کرایہ لے کر روانہ ہوئے اور 17 جون کو حیدرآبادپہنچے۔ 17 جون کو یہاں سامان خالی کرکے وہ دوبارہ حیدرآباد سے اندور کرایہ لے کر روانہ ہوئے۔ ان کے ہمراہ ان کا چھوٹا بھائی اور کلینر لکشمن سنگھ امرسنگھ راٹھوڑ بھی تھا۔

ان کا ٹرک صبح چار بجے کے درمیان ناندیڑ ضلع کے کاکانڈی علاقہ میں پہنچا۔ اس وقت لکشمن سنگھ راٹھوڑ سویا ہوا تھا۔ گوپال راٹھوڑ نے قضائے حاجت کو جانے کا کہا۔ اس وقت لکشمن سنگھ راٹھوڑ سویا ہوا تھا۔ جب 6 بجے وہ نیند سے جاگا توگوپال سنگھ راٹھوڑ وہاں دکھائی نہیںدیا ، لکشمن سنگھ نے آس پاس اپنے بھائی کی تلاش کی، تب اسے بالاجی پیٹرولیم کے اطراف ایک کسان کے کھیت میں اپنے بڑے بھائی گوپال سنگھ راٹھوڑ کی نعش دکھائی دی۔ اس واقعہ کی اطلاع اس نے پولیس کو دی۔ ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر دیپک بورسے کی قیادت میں بھاری جمعیت کے ساتھ پولیس یہاں پہنچی۔

مقتول گوپال راٹھوڑ کے چھاتی، پیٹ اور جسم کے کئی مقامات پر تیز دھار اسلحہ سے زخمی کرکے اس کاقتل کیاگیا ۔ ناندیڑ دیہی پولیس نے لکشمن سنگھ امرسنگھ راٹھوڑ ساکن چاند ماری اٹ بھٹہ دھارروڈ اندور ( مدھیہ پردیش) کی شکایت پر نامعلوم قاتل کے خلاف جرم نمبر 362/2022 تعزیرات ہند کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ مزید تحقیقات اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر وشوجیت کاسلے کررہے ہیں۔ اس واقعہ کی اطلاع جیسے ہی مقتول کے رشتہ داروں کو ملی وہ ناندیڑ پہنچے۔ مقتول گوپال راٹھوڑ کا دس سالہ لڑکا اور اس صدمہ کو دیکھ کر ہر کوئی غمگین ہوگیا۔ پولیس سے گوپال راٹھوڑ کے قاتل کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔