ناندیڑ: واٹس ایپ پر مشہور تاجر کو کورونا وائرس ہونے کا جھوٹا پیغام وائرل کرنے والے نوجوان کے خلاف مقدمہ درج

ناندیڑ:18۔ مارچ۔(ورق تازہ نیوز)اتوارہ پولس اسٹیشن میں آج ایک نوجوان کے خلاف سوشل میڈیاپرغلط پیغام وائرل کرکے ایک شخص کی بدنامی کرنے پر مقدمہ درج کیاگیاہے ۔پولس ذرائع کے بموجب قدیم شہر کے رضا نگر نزد طیبہ مسجد اتوارہ کے ساکن محمدفردین محمد خالدنے شہر کے معرو ف پارچہ تاجر عبدالرزاق ولد حاجی عبدالرشید چودھری عمر 53 سال ساکن قیوم پلاٹ سائی نگرناندیڑ کی بدنامی کرنے کے مقصدسے واٹس ایپ گروپ Boy.ss.. میں 16مارچ 2020 کوپیغام بھیجا کہ”بھائیوں اوربہنوں یہ جو شخص ہے عبدالرزاق چودھری(چودھری ساڑی سنٹر) ناندیڑ اس شخص میں کوروناوائرس کی علامت پائی گئی ہے ۔

آپ سبھی سے درخواست ہے کہ اپنے ماں بہنوں کوا س ساڑی سنٹر پر نہ بھیجیں“اس پیغام کے وائرل ہونے سے عبدالرزاق چودھری کی کافی بدنامی ہوئی ۔ اسلئے چودھری نے اتوارہ پولس اسٹیشن سے ربط قائم کرکے محمدفردین کے خلاف 17مارچ کو شب دس بجکر 44 منٹ پرشکایت درج کروائی جس کی بنا ءپر نوجوان کے خلاف جرم نمبر 71/2020دفعات 500‘505(1) (B)تعزیرات ہند کی دفعہ 66(A)اورر انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000ء کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ہے۔ ایس پی وجئے کمار مگر ‘ایڈیشنل ایس پی دتارام راٹھوڑ ‘اتوارہ کے سب ڈویژنل پولس آفیسر دھننجے پاٹل کی رہنمائی میں پی آ ئی صاحب راو نرواڑے معاملے کی مزید تحقیقات کررہے ہیں ۔

پولس نے شہریان سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی جھوٹے پیغام کووائرل نہ کریںورنہ اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی ۔سوشل میڈیا پر کوروناوائرس کی غلط نیوز پھیلانے کے معاملے میں مزید ایک مقدمہ دیہی پولس اسٹیشن میں درج ہو اہے ۔

مراٹھی نیوزچینل زی 24تاس کے بریکنگ نیوز والے اسکرین میں چھیڑ چھاڑ کرکے ناندیڑ کے سیڈکو میں کورونا وائرس کے دو مریض پائے جانے کی خبر واٹس ایپ پر وائرل کرنے کے معاملے میں وزیر آباد پولس نے نامعلوم فرد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ نامعلوم شخص نے زی 24 تاس چینل کا لوگواستعمال کرکے اصل نیوز کیساتھ چھیڑچھاڑکرکے ناندیڑ بریکینگ پیج پر کوروناوائرس کے دومریض سیڈکو میں پائے جانے کی جھوٹی خبر پھیلائی۔اس معاملے میں زی 24 تاس کے ناندیڑضلع کے نمائندہ ستیش موہتیے کی شکایت پر وزیر آباد پولس اسٹیشن میں نامعلوم فر د کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا ہے ۔