ناندیڑمیں یکم اپریل سے ہیلمیٹ کااستعما ل لازمی
ناندیڑ:30مارچ ( ورقِ تازہ نیوز)یکم اپریل سے بغیر ہیلمیٹ سفر کرنے پر موٹر سائیکل سواروں کے لائسنس منسوخ کردیئے جائیں گے۔ تمام موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمیٹ پہن کر سفر کرنا لازمی ہے۔ بغیر ہیلمیٹ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے پائے جانے پر موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت 500 روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا اور اُس کا تین ماہ کے لیے لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔ مذکورہ مہم یکم اپریل 2022ءسے نافذ کی جائے گی۔

ضلع کے تمام موٹر سائیکل مالکان اس بات کا نوٹ لیں، اس طرح کی اپیل ضلع مجسٹریٹ و ضلع روڈ سیفٹی کمیٹی کے ممبر سیکریٹری ڈاکٹر وپن اٹنکر نے کی ہے۔ موٹر وہیکل ایکٹ 1988ءکی دفعہ 129 میں مذکور کسی بھی ٹووہیلر گاڑی کو راستہ پر چلاتے وقت ہیلمیٹ پہننا لازمی ہے۔ واضح رہے کہ وقتاً فوقتاً ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی ٹووہیلر گاڑی چلاتے وقت ہیلمیٹ پہننے کو لازمی قرار دیا ہے۔ ڈرائیونگ کے دوران ہیلمیٹ کا استعمال روڈ سیفٹی کے نقطہ نظر سے بہت ضروری ہے۔

یہ دیکھا گیا ہے کہ ٹووہیلر گاڑیوں کے حادثات میں زخمی یا ہلاک ہونے والے زیادہ تر سوار بغیر ہیلمیٹ کے سفر کررہے تھے۔سرکاری دفاتر میں کام کے لیے آنے والے بیشتر شہریوں کے علاوہ دفتری ملازمین اور افسران بغیر ہیلمیٹ گاڑی چلارہے ہیں۔ اس بات کے پیش نظر ضلع کے تمام دفاتر کے عہدیداران کو ایک سرکلر کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے کہ اُن کے دفتر میں آنے والے شہریوں، ملازمین اور افسران پر بغیر ہیلمیٹ سفر کرنے پر جرمانہ کی کارروائی کی جائے گی۔