ناندیڑمیں پانی پوری فروخت کرنیوالے کی تحویل سے 2 دیسی پستول اور پانچ زندہ کارتوس ضبط

ناندیڑ:22ستمبر:(ورقِ تازہ نیوز) شیواجی نگر کے انسداد جرائم دستہ نے گنیش اتسو کے دوران گشت کرتے ہوئے شہر میں پانی پوری فروخت کرنے کا کاروبار کرنے والے ایک نوجوان کی تحویل سے دو دیسی ساخت کی پستول اور پانچ زندہ کارتوس ضبط کئے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ یہ نوجوان ناندیڑمیں اسلحہ فروخت کرنے کا کاروبار بھی کررہا تھا۔ایس پی شری کرشنا کوکاٹے، ایڈیشنل ایس پی اویناش کمار، شہرڈی واے ایس پی سورج گورو نے اس کارکردگی پر شیواجی نگر کے انسداد جرائم دستہ کی ستائش کی ہے ۔

پولس ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق آج 22 ستمبربروز جمعہ کو شیواجی نگر پولس اسٹیشن کی انسداد جرائم دستہ کے سربراہ ملند مدھوکر سون کامبلے اپنے پولیس اہلکاروں بامنے، شیخ، دیوا سنگھ سنگھل، دلیپ راٹھوڑ، وشنو دفڑے کے ساتھ دت نگر میں عوامی گنیش منڈل کے مقامات کا دورہ کررہے تھے کہ انہیں اطلاع ملی کہ ایک شخص دیسی ساخت کی پستول اور کارتوس فروخت کررہاہے۔اورنیو مونڈھاعلاقہ میں موجود ہے ۔

اس کے بعد سو ن کامبلے اپنی پوری ٹیم کے ہمراہ نیو مونڈھا کے مارکیٹ کمیٹی کے پیچھے پہنچے اور وہاں موجو د ایک نوجوان کی مشکوک حرکت پرنظر رکھے ہوئے تھے۔ پولس کو جب اس پرپوراشک و شبہہ ہوا تو سنجے لوکندر سنگھ پریہار (عمر26سال) کاروبار پانی پوری فروخت کرنا‘ ساکن بلہوٹی ‘تعلقہ بھانڈیر ضلع دتیا ( مدھیہ پردیش)حال مقیم پرفل نگرچکھلواڑی کی بھوکرپولس دستے نے تلاشی لی۔

اس وقت ملزم کی تحویل سے دو دیسی ساخت کی پستول اور پانچ زندہ کارتوس ضبط کئے گئے۔ جس کی کل مالیت 30ہزار روپے بتائی جارہی ہے۔پولس انسپکٹر موہن بھوسلے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی کاروائی مکمل کی ۔اس کارکردگی میں شیواجی نگر تھانے کے چارلی گاڑی کے آکاش ساومنت اور سائبر ڈپارٹمنٹ کے راجندر سیتھیکر اور دیپک اوڑھنے نے کافی مددکی۔ پولیس سب انسپکٹر ملند سون کامبلے نے اس سلسلے میں سنجے پریہار کے خلاف انڈین آرمس ایکٹ کے تحت شکایت درج کرائی ہے۔