ناندیڑ:31جنوری ۔(ورق تازہ نیوز)ناندیڑ شہرمیں ہزاروںکی تعداد بوگس راشن کارڈ موجودہے جس کی تلاشی کیلئے مہم چلائی جارہی ہے ۔ ا س مہم کے تحت بی پی ایل ‘ اننتودیہ ‘ اناپورنا ‘کیسری ‘شوبھر اوراسٹابلشمنٹ کارڈ کی جانچ کی جائے گی ۔یہ مہم مسلسل ایک ماہ تک جاری رہے گی ۔ضلع انتظامیہ نے تیاری پوری کرلی ہے ۔بوگس راشن کارڈ تلاشی مہم تو ہمیشہ جاری رہتی ہے لیکن اب دن بدن بوگس راشن کارڈوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔

حالانکہ اصل مستحقین کو راشن کارڈ بنوانے کیلئے کافی دقتوںکاسامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ایجنٹ کے ذریعہ بآسانی تیار کرکے وقت سے پہلے ہی مل جاتا ہے ۔جس کیلئے کم سے کم ایک ہزار اور زیادہ سے زیادہ دو ہزارروپے خرچ کرنے پڑتے ہیں جبکہ راشن کارڈ کی تیاری کی اصل فیس بہت ہی معمولی ہے لیکن سرکاری کام ایجنٹ کے بغیر جلد ممکن نہیں ہوتے ہے اسی لئے لوگ ایجنٹ کے ذریعہ ہی اسکی تیاری کروانے پر مجبور ہیں ۔

ایجنٹوں کے ذریعہ ہزاروں بوگس کارڈ تیار کروائے گئے ہیں۔ اسی لئے ضلع انتظامیہ نے خصوصی جانچ مہم شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔ بی پی ایل ‘اننتہ اودیہ ‘انناپورنا اسکیم کےلئے راشن کارڈ میں بڑاگھوٹالہ ہے جس میں بڑے پیمانے پربوگس کارڈ ہے ۔انھیں تلاش کرکے منسوخ کیاجائے گا۔ یکم فروری سے مہم شروع کی جارہی ہے ۔ تلاٹھی اور سرکاری ملازمین اس مہم میں حصہ لیںگے۔جس کیلئے فارم راشن دوکان سے ملے گا ۔کارڈیافتگان کو ضروری دستاویزات منسلک کردہ فارم دینا ہوگا جس کی رسید دی جائے گی ۔ اس مہم کیلئے ضلع کلکٹر ‘میونسپل کمشنر ] ایس پی ‘ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ‘ایڈیشنل کلکٹر ‘ ضلع سپلائی آفیسر کی شمولیت والی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔