ہپی کلب کے ذمہ دار محمد شعیب اپنی ٹیم کے ہمراہ شمشان بھومی میں

رضاکارتنظیم ہپی کلب کے کارکنان تدفین کاکارِ خیر انجام دے رہے ہیں
ناندیڑ:6 اپریل۔ (ورق تازہ نیوز)معتبر ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق گزشتہ تین دنوں میں ناندیڑ میں کورونا مرض سے فوت ہونے والے مسلم افراد کی تعداد24 ہوگئی ہے ۔ بروز اتوار 4اپریل2021ءکو سب سے زیادہ 14‘بروز پیر 5اپریل کو چھ اور آج بروز منگل 6 اپریل کو چار افراد اس جہان فانی سے کوچ کرگئے ۔ناندیڑضلع کی سماجی اوررضاکارتنظیم ہپی کلب کے صدر محمدشعیب نے آج ہمارے نمائندے کواطلاع دیتے ہوئے کہا کہ وہ اوران کے ساتھی دن بھر اور رات میں بھی کافی مصروف رہتے ہیں۔

انھیں ضلع انتظامیہ کی جانب سے مسلم لاشوں کی تجہیزوتکفین اورتدفین کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ جبکہ غیر مسلم لاشوں کی آخری رسومات ناندیڑشہر میونسپل کارپوریشن کے خصوصی دستے کودی گئی ہے۔ لیکن جو بیرون غیر مسلم فوت ہورہے ہیں ان کی بھی ہپی کلب کے کارکنان آخری رسومات انجام دے رہے ہیں۔ اس وقت ناندیڑضلع میں کورونامرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں کافی اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔

مسلم مرحومین کی مذکورہ تعداد وہ ہے جوناندیڑ ضلع کے سرکاری دواخانوں اور خانگی دواخانوں سے موصول ہورہی ہے ۔ان کے علاوہ ناندیڑ کے مریض جو حیدر آباد ‘اورنگ آباد اور دیگر شہروں میںعلاج کے دوران فوت ہورہے ہیں ان کی تعداد علاحدہ ہے ۔ ضلع میں آج 6اپریل سے دوبارہ سخت لاک ڈاون نافذ کردیاگیا ہے ۔اس کے باوجود کچھ علاقوں میں ممنوعہ دوکانیں اور کاروبار کھلے رہے۔لوگ راستوں پردوکانوں پرہجوم کی شکل میں دیکھائی دئےے۔