ناندیڑ:میڈیکل کی دکان میں آتشزدگی
ناندیڑ:5مارچ ( ورقِ تازہ نیوز) شہر کے وزیر آباد علاقہ میں ترنگا چوک کے پاس واقع ایک میڈیکل دکان کو آگ لگ جانے سے تقریباً آٹھ تا دس لاکھ روپئے کا سازوسامان جل کر راکھ ہوگیا۔ یہ واقعہ اتوار کی دوپہر پیش آیا۔ فائر بریگیڈ کے عملہ نے فوری طور پر یہاں پہنچ کر آگ کو قابو میں کیا، جس کی وجہہ سے میڈیکل کے بازو کی دُکان محفوظ رہی۔ واضح رہے کہ گزشتہ 15 دنوں سے مسلسل آتشزدگی کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ آٹھ دن قبل شہر میں ایک ہی دن میں ایک بجلی کا ٹرانسفارمر اور ایک ٹووہیلر جل کر خاکستر ہوگئی تھی۔
یہ سانحہ ابھی تازہ ہی تھا کہ پھر ایک بار اتوارکی دوپہر ساڑھے بارہ بجے کے قریب ترنگا چوک وزیر آباد میں لال محمد کامپلیکس میں واقع بالاصاحب انگڑے کی کشور میڈیکل اسٹور کو شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی۔ جس میں میڈیکل کا سازوسامان اور دوائیں جل کر خاک ہوگئیں۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے عملہ کے آفیسر کے ایس داسرے نے لکشمن گھورپڑے، دیانیشور سوریہ ونشی کو جائے واردات پر روانہ کیا۔ جس کے فائر فائر بریگیڈ کے جوانوں نے آدھا گھنٹہ میں ہی آگ پر قابو پالیا۔ آگ پر بروقت قابو پانے کی وجہہ سے میڈیکل کے بازو ویدانت کلینک و دیگر دُکانیں محفوظ رہیں۔ مذکورہ آتشزدگی کے واقعہ میں تقریباً آٹھ تا دس لاکھ روپئے نقصان ہونے کی بات بتائی گئی۔