ناندیڑ:ممنوعہ گٹکھا لے جارہے ٹرک کو پکڑا

210

ناندیڑ:18 دسمبر ( ورق تازہ نیوز) کرناٹک سے غیر قانونی طورپر لاکھوں روپئے کا گٹکھا لے کر آرہے ایک ٹرک کو پولیس نے پکڑلیا۔ یہ کارروائی اتوار کی صبح کی گئی، جبکہ شام تک مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری تھی۔ تفصیلات کے مطابق مہاراشٹر حکومت نے گٹکھا کی پیداوار،ذخیرہ اندوزی و فروخت پر پابندی عائد کی ہے۔

تاہم ناندیڑ کے پڑوسی ریاست آندھراپردیش، تلنگانہ و کرناٹک کی سرحد سے گٹکھا کی اسمگلنگ بڑے پیمانے پر گٹکھا مافیا کی جانب سے کی جارہی ہے۔ جس کی وجہہ سے ناندیڑ ضلع میں گٹکھا کھلے عام فروخت ہورہا ہے۔ اسمگلنگ کے ذریعے کرناٹک سے غیر قانونی طور پر لاکھوں روپئے کا گٹکھا ٹرک میں ڈال کر لے جانے کی اطلاع پولیس کو موصول ہوئی۔ اس اطلاع کی بنیاد پر پولیس انسپکٹر راما پڈول کی رہنمائی میں اے پی آئی آدتیہ لونیکر اور ان کی ٹیم نے اتوار کی صبح جال بچھاکر MH43U-1523 نمبر کی ٹرک کو پکڑ کر پولیس اسٹیشن میں جمع کیا۔ تادم تحریر ٹرک میں موجود گٹکھا کہاں لے جایا جارہا تھا اور اس کا اصل اسمگلر کون ہے اس کی تحقیقات کی جارہی تھی۔