ناندیڑ:مراٹھا سماج کے نوجوانوں کا اشوک چوہان کے خلا ف احتجاج، عوامی نمائندوں کو عام تقریبات منسوخ کرنے ضلع انتظامیہ کی ہدایت

ناندیڑ:10 ستمبر ( ورقِ تازہ نیوز) جالنہ میں مراٹھا سماج کے مظاہرہ کے دوران ہوئے تشدد کی وجہہ سے سکل مراٹھا سماج کافی جارحانہ دکھائی دے رہا ہے۔ عوامی نمائندے ریزرویشن کے سلسلے میں ہر علاقہ میں سیاسی قائدین سے جواب طلب کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ دھرم آباد میں سوال پوچھنے والے کارکن کی مذمت کے معاملہ میں سابق وزیر اعلیٰ اشوک راﺅ چوہان جبکہ عثمان نگر میں مراٹھا کارکنان کے ساتھ ہوئی تکرار کے بعد رکن اسمبلی شیام سندر شندے کی ناندیڑ شہر میں سکل مراٹھا سماج کی جانب سے اتوار کی صبح مذمت کی گئی۔

مہاراشٹر بھر میں مراٹھا سماج کے ریزرویشن کے لیے جاری آندولن، مورچے، ہڑتال کے دوران تمام سیاسی پارٹیوں کے لیڈران اپنی اپنی پارٹی کی میٹنگ، دورے کرنے میں مصروف ہیں۔ جس کی وجہہ سے سکل مراٹھا سماج کے نمائندوں کی جانب سے ارکان اسمبلی و ارکان پارلیمنٹ کی مذمت کی جارہی ہے۔ جبکہ ضلع میں کئی مقامات پر جالنہ جالنہ میں ریرویشن کے لیے جاری احتجاج کی تائید کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کل سنیچر کو دھرم آباد میں کانگریس پارٹی کے کارکنان کا اجلاس تھا، اس اجلاس سے مخاطب کرنے کے لیے اشوک راﺅ چوہان گئے تھے۔ سکل مراٹھا سماج کے کارکنان نے اشوک راﺅ چوہان سے سوال پوچھ کر اپنی برہمی کا اظہار کیا۔

اسی طرح چند دنوں قبل عثمان نگر روڈپر لوہا قندہار کے رکن اسمبلی شیام سندر شندے سے بھی مراٹھا سماج کے کارکنان نے استفسار کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔ آج ناندیڑ میں اتوار کی صبح گیارہ بجے مہاتما پھلے چوک میں سکل مراٹھا سماج کی جانب سے مراٹھا ریزرویشن کے حصول کے لیے کیے جارہے مظاہروں کے دوران خاموش بیٹھنے والے عوامی نمائندے اور سیاسی قائدین بشمول اشوک راﺅ چوہان اور شیام سندر شندے کی مذمت کی گئی۔

اس مذمتی مظاہرے میں مراٹھا سماج کے نوجوانوں نے کافی برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شیام وڑجے، سنتوش گوہانے، دشرتھ کپاٹے، سنکیت پاٹل، گجانن کہاڑیکر، شیواجی ہمبرڈے، سبھاش کولہے، پرمیشور پاٹل، انکش کولہے، رام مورے، نانا وانکھیڑے، رُپیش پاﺅڑے کے علاوہ دیگر مراٹھا نوجوان موجود تھے۔مراٹھا سماج کے آندولن کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے سیاسی جماعتوں کو عوامی پروگرام منعقدنہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

دھرم آباد میں رونما ہوئے واقعہ کے بعد بی جے پی بھی احتجاجیوں سے ڈر گئی ہے اور آج اتوار کو بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرتاپ راﺅ پاٹل چکھلیکر نے لوہا میںمنعقد ہونے والے سنگ بنیاد پروگرام کو منسوخ کردیا ہے۔ جبکہ نائیگاﺅں میں بی جے پی کے ریاستی صدر چندر شیکھر بابن پھلے کا پروگرام بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔