ناندیڑ:مدرسہ محمدیہ اسلامیہ کے 20؍ ویں سالانہ جلسہ عام کا کامیاب انعقاد
ناندیڑ۔ ۱۹؍مارچ (حیدر علی ): کھڑ کپورہ میں نونہالان ملت کی دینی واخلاقی تربیت کا مبارک فریضہ انجام دینے والے مدرسہ محمدیہ اسلامیہ کا 20واںسالانہ جلسہ مسجد بارہ امام میں منعقد کیا گیا تھا۔ادارہ دارالسلام کی زیر نگرانی چلنے والے اس مدرسہ محمدیہ اسلامیہ کا سالانہ جلسہ عام مولانا سعاد عبداللہ کی صدارت میں منعقد کیا گیاتھا۔ جلسہ میں مدرسہ کے ننھے طلباء و طالبات نے اپنے شاندار تعلیمی مظاہرے پیش کئے۔ ان معصوم بچوں نے تلاوت قرآن ، حمد ، نعت ، مکالمے ، تقاریر ، احادیث ، کلمات پیش کرتے ہوئے حاضرین سے زبردست داد و تحسین اور انعامات وصول کئے۔جلسہ سے قبل مدرسہ کے طلباء و طالبات کی کھڑکپورہ علاقہ میں ایک ریلی نکالی گئی ۔
ریلی میں مدرسہ کے طلباء نے دینی تعلیم کو حاصل کرنے کا پیغام دیا۔مدرسہ سے اس سال 17 بچوں نے ناظرہ قرآن مکمل کیا۔ بعد از جلسہ مہمانان کے ہاتھوں طلباء و طالبات کو اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔جلسہ کے دوران مدرسہ محمدیہ اسلامیہ کی سابق طالبہ ماریہ یمین بنت سید سمیع کی گلپوشی کی گئی اور انہیں تہنیت پیش کی گئی ۔گذشتہ دنوں روشنی کا سفرمقابلہ جاتی امتحان میں ماریہ یمین بنت سید سمیع نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے عمرہ کا انعام اپنے نام کر لیا ہے۔
اس موقع پر مولانا سعاد عبداللہ نے خطاب کیا اور دینی تعلیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی اور حاضرین کوتلقین کی کہ وہ اپنے بچوں کی دینی تعلیم کے لئے اتنی ہی فکر کریں جیسا و ہ عصری تعلیم کیلئے کرتے ہیں۔ ساتھ ہی اولاد کی تربیت ، حقوق اولاد سے متعلق رہنمائی فرمائی۔ جلسہ میں کھڑکپورہ و اطراف کے حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ جلسہ میںمہمانان خصوصی کے طور پر مفتی سلیمان رحمانی، مفتی رفیق قاسمی، قاری سید نواب ،مسجد بارہ امام کے اما م مولانا شیخ فرحان، مسجد کے صدر سید سعادت علی، سالم چائوش، شیخ تراب موجود تھے۔
مدرسہ محمدیہ اسلامیہ کھڑکپورہ میں حافظ یوسف، حافظ سلمان اور مفتی شعیب درس و دریس کی خدمات انجام دیتے ہیں۔ جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے کھڑکپورہ کے سر گرم سماجی کارکنان و نوجوانان محلہ جن میں سید اطہر حسین،غلام دستگیر،عبدالرزاق، عبدالنعیم، حاجی بھائی ،عبدالبشیر، سید عیسی، رفیق مامو، الیاس بھائی و دیگر نے انتھک جدوجہد کی ۔