ناندیڑ:قتل کے پانچ ملزمین کو پولیس کسٹڈی

304

ناندیڑ:30اکتوبر ( ورقِ تازہ نیوز) تین دن قبل جان سے مارنے کی دھمکی دے کر تیسرے دن تیز دھار ہتھیار سے ایک 28 سالہ نوجوان کا قتل کرنے کے الزام میں بلولی عدالت نے یکم نومبر تک پولیس کسٹڈی میں روانہ کرنے کا حکم دیا۔ تفصیلات کے مطابق 26 اکتوبر کی شب 10 بجے بالاجی ڈگے، کرشنا ڈگے، بنٹی ڈگے، گنیش ڈگے، سچن کھنڈے گاوے، ان پانچ ملزمین نے منمتھ اِرونت دھونڈاپورے (28 سال) کے چہرے اور آنکھوں پر تیز دھار ہتھیار سے وار کرکے قتل کردیا

اور اس کی نعش کو بالاصاحب چوہان کے کھیت میں لے جاکر پھینک دیا۔ اس معاملہ میں کنڈلواڑی پولیس اسٹیشن میں غیر قانونی طور پر جمع ہونے، قتل کرنے، ثبوت کو مٹانے و دیگر متعلقہ دفعات کے تحت جرم نمبر 119/2022 درج کیا گیا۔ قتل کرنے کے بعد مذکورہ پانچ ملزمین بذریعے ٹرین فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے کہ راستہ میں پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ 29 اکتوبر کو مذکورہ پانچ ملزمین کو کنڈلواڑی پولیس اسٹیشن لایا گیا۔

اور 30 اکتوبر کو کنڈلواڑی کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر وشواس کاسلے اور ان کے معاون پولیس ملازمین نے عدالت میں پیش کرتے ہوئے مزید تحقیقات کے لیے پولیس کسٹڈی کا مطالبہ کیا۔ عدالت نے مذکورہ ملزمین کو یکم نومبر تک پولیس کسٹڈی میں روانہ کرنے کا حکم دے دیا۔