ناندیڑ:فائرئنگ قتل معاملہ میں 6 افراد حراست میں

1,234

ناندیڑ:26 فروری ( ورقِ تازہ نیوز) ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن کے حدود میں سڈکو میں سنیچر کی شب ایک نوجوان کو اس کے گھر کے سامنے بے رحمانہ طریقے سے قتل کردیا گیا تھا۔ اس معاملہ میں پولیس نے 6مشتبہ افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہے۔ ایسا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ مقتول نوجوان پر اُس کے گھر کے سامنے تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا گیا اور دیسی پستول سے گولی بھی ماری گئی۔ تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی یہ واضح ہوپائے گا ، اس طرح کی اطلاع پولیس ذرائع نے دی۔ تفصیلات کے مطابق ناندیڑ شہر میں جرائم کی وارداتوں میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ شہر میں دادا گیری، مارپیٹ اور قتل کے واقعات روزانہ کا معمول بن گئے ہیں۔ بلکہ جرائم پیشہ افراد کے لیے دیسی پستول ایک کھلونا بن گئی ہے، جس کا استعمال مختلف جرائم کو انجام دینے اور کسی سے معمولی تنازعہ ہوجانے کے بعد بلاخوف و خطر کیا جارہا ہے۔

گزشتہ دنوں شہر میں گولی باری کے واقعات پیش آنے سے شہر میں خوف و ہراس کا ماحول پایا جارہا ہے۔ ایسے میں ایک بار پھر ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن کے حدود میں سنیچر کو گولی باری کے واقعہ نے شہریان کی نیند اُڑا دی ہے۔ سنیچر کی شب 9 بجے کے درمیان سڈکو علاقہ میں پھلے وسنت راﺅ نائیک کالج کے روبرو رہنے والے ایک 22 سالہ نوجوان راج پردیپ سرپے کو اس کے ہی گھر کے سامنے چھ نامعلوم ملزمین نے اچانک جان لیوا حملہ کردیا۔ جس میں سندیپ سرپے کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ اس واقعہ کے بعد شہر میں ایسی چرچہ چل رہی تھی کہ اس حملہ میں ملزمین نے دیسی ساختہ پستول کا بھی استعمال کیا تھا۔ لیکن ابتداءمیں پولیس نے اس معاملہ میں کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا۔ تاہم پولیس ذرائع نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد یہ واضح ہوجائے گا کہ آیا گولی سے حملہ کیا گیا تھا یا نہیں۔ واضح رہے کہ راج سرپے کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے وشنوپوری کے سرکاری اسپتال لے جایا گیا ہے۔

طبی رپورٹ موصول ہونے کے بعد یہ واضح ہوجائے گا کہ موت کیسے ہوئی اور کون کون سے ہتھیار و اسلحے مارنے کے لیے استعمال کیے گئے۔ اس معاملہ میں پولیس نے 6 مشتبہ افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا ہے۔ دریں اثناءپولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ ملزمین نے قتل کرنے کے لیے تیز دھار اسلحہ کے لیے علاوہ دیسی پستول کا بھی استعمال کیا ہے۔ مذکورہ واردات کے بعد علاقہ میں سنسنی اور خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ اس معاملہ میں دیہی پولیس اسٹیشن میں نامعلوم ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ اس معاملہ میں پولیس انسپکٹر اشوک گھوربانڈ اور ان کے معاون پولیس ملازمین ملزمین کی تلاش کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ شہر میں گولی باری کی وارداتوں میں کافی اضافہ دکھائی دے رہا ہے۔اسی مہینہ میں قدیم مونڈھا و نمسکار چوک میں گولی باری کی واردات پر چرچہ ابھی تک چل ہی تھی کہ پھر ایک بار شہر کے سڈکو علاقہ میں گولی باری کی واردات پیش آئی۔

جس سے ناندیڑ شہر میں ممبئی، پونے کی طرح خوف و ہراس پیدا ہوگیا ہے۔ شہر کی جانب سے ضلع سپرنٹنڈنٹ سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ جرائم پر قابو پانے کے لیے سخت سے سخت اقدامات کیے جائیں۔ ابھی اطلاع موصول ہوئی ہے کہ مقتول کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد آج دوپہر میں تناﺅ بھرے ماحول میں مقتول کی آخری رسومات اداکی گئیں۔جبکہ سڈکو لاقہ میں نائیک کالج کے حدود میں کاروباریوں نے مارکٹ کو بند رکھاتھا۔