ناندیڑ:11مئی( ورق تازہ نیوز)مقدس ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہوئے پانچ دن ہو چکے ہیں اور مسلمان رمضان اورروزے میں مصروف ہےں لیکن قدیم شہر کے کچھ علاقوں میں رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی سپلائی کا مسئلہ شروع ہوگیا ہے۔ قدیم شہر کے دیگلورناکہ ‘اتوارہ علاقوں میںبے وقت بجلی سپلائی گُل ہورہی ہے ۔ بالخصوص عمران عمران کالونی‘ گلزار باغ اور اس سے متصل علاقوں میں کل رات تقریبا ڈیڑھ بجے سے بجلی سپلائی بند ہے کیونکہ یہاں کا ٹرانسفارمر جل گیا ہے جسے کل سے تبدیل کرنے کی کوشش بجلی کے ملازمین کررہے ہیں لیکن آج رات تقریبا دس بجے تک ٹرانسفارمرتبدیل نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے علاقے کے ساتھ ساکنان کو کئی گھنٹوں سے بجلی کے بغیر رہنا پڑرہا ہے۔ حالانکہ آج شام پانچ بجے سے سات بجے تک افطار کے مدنظر بجلی سپلائی کسی طرح عارضی طور پر بحال کی گئی تھی لیکن پھر دو گھنٹے بعد بجلی بند ہوگئی اور ٹرانسفارمر کی تبدیلی کا کام جاری ہے ۔عمران کالونی میں واقع بجلی کاڈی پی نمبر54 کا ٹرانسفارمرکل رات ڈیڑھ بجے جل گیا تھا جس کے بعد سے اس علاقہ میں اور اطراف کے علاقوں کی بجلی سپلائی گُل ہوگئی۔
محکمہ بجلی سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمرخراب ہوگیا ہے اس کی وجہ سے بجلی سپلائی فی الحال بند رہے گی نیا ٹرانسفارمر آنے کے بعد ہیں بجلی سپلائی بحال ہوگی۔ لیکن اب 20گھنٹوں کے زائد کاوقت گزرگےا لیکن ابھی تک نیا ٹرانسفارمر نصب نہیں کیا جا سکا ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں کافی غصہ پایا جاتا ہے اور عین رمضان و شدید گرمی میں اتنے گھنٹے بجلی سپلائی بندرہنے سے عوام کو کافی مشکلات و دقتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اُن کا کہنا ہے کہ ایک ٹرانسفارمر تبدیل کرنے کے لئے بجلی محکمہ کو چوبیس گھنٹے کا وقت لگ رہا ہے حالانکہ محکمہ بجلی کو چاہیے کہ وہ رمضان المبارک اور شدید گرمی کے حالات کے مدنظر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تیار رہنا چاہئے۔اس کے علااوہ شہر کے دیگر علاقوں جیسے اتوارہ ‘ منیارگلی ‘ قلعہ روڈ‘گاڑی پورہ وغیرہ میںبھی بے وقت بجلی سپلائی بندہورہی ہے ۔ حالاں کہ لوڈشیڈنگ کا کوئی شیڈول نہیں ہے اس کے باوجود بھی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے جس سے عوام کافی عاجز آچکے ہیں حالاں کہ رمضان سے قبل مختلف تنظیموں کی جانب سے محکمہ بجلی سپلائی کو آگاہ کیا گیا تھا کہ رمضان کے پیش نظر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اس اسکی بحالی پر خصوصی توجہ دے ،اس کے باوجودبجلی سپلائی گُل ہورہی ہے۔