ناندیڑضلع کے حمایت نگر و کنوٹ میں سیلابی صورتحال‘ عام زندگی معطل، تصاویر بھی دیکھیں

478

ناندیڑ:26جولائی ( ورقِ تازہ نیوز) بارش نے گزشتہ چند یوم توقف کے بعد دوبارہ موسلادھار شکل اختیار کرلی ہے۔ دوسرے دن منگل کی سہ پہر تک ضلع میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری تھا۔ جبکہ حمایت نگر میں ہوئی موسلادھار بارش کی وجہہ سے پرانا شہر سیلابی صورت اختیار کرلیا۔ جس کی وجہہ سے کئی افراد کے گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔ کنوٹ تعلقہ میں بھی زوردار بارش کی وجہہ سے کئی راستے اور پل زیر آب آگئے اور راستوں پر ٹریفک آمدورفت مکمل طور پر بند ہوگئی۔ واضح رہے کہ ضلع میں ایک بار پھر موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پندرہ دن قبل ضلع کے کئی مقامات میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی اور روزمرہ کی زندگی تعطل کا شکار ہوگئی تھی۔

ضلع کے اردھاپور، بھوکر، حدگاﺅں، کنوٹ، قندہار جیسے تعلقوں میں بارش کا کافی اثر دیکھنے کو ملا۔ فصلوں کا کافی نقصان ہوا۔ کچھ روز توقف کے بعد بارش نے ایک بار پھر موسلادھار شکل اختیار کرلی۔پیر کے دن بادلوں کی آمد کے بعد نصف شب سے موسلادھار بارش کا آغاز ہوا۔
اس موسلادھار بارش کی وجہہ سے کئی علاقوں میں راستے، چھوٹے پل زیر آب آگئے۔ جس کے بعد ان راستوں سے آمدورفت مکمل طور پر بند ہوگئی۔ جبکہ حمایت نگر و کنوٹ تعلقہ میں رات بھر سے ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث عام زندگی تعطل کا شکار ہوگئی۔دریں اثناءاورنگ آباد ضلع میں جائیکواڑی پروجیکٹ 90 فیصد بھر جانے کی وجہہ سے پیر کی شام پروجیکٹ کے 18 دروازے سے 9 ہزار 432 کیوسس رفتار سے گوداوری ندی میں اخراج کیا گیا ہے۔

جس کی وجہہ سے گوداوری ندی بھی لبالب بہہ رہی ہے۔ پانی کی آمد کے پیش نظر ناندیڑ ضلع انتظامیہ نے وشنوپوری پروجیکٹ کے دو دروازوں سے گوداوری ندی میں پانی کے اخراج کو شروع کردیا ہے۔ اتوار کی صبح وشنوپوری پروجیکٹ کا ایک دروازہ کھولا گیا تھا، جبکہ منگل کی صبح گیارہ بجکر 20 منٹ کو دوسرا دروازہ کھولا گیا۔ اس کے علاوہ دگرس ہائی لیول ڈیم کا ایک، بلے گاﺅں ہائی لیول ڈیم کے دو دروازوں سے بھی پانی کا اخراج کیا گیا ہے۔

This slideshow requires JavaScript.

جائیکواڑی پروجیکٹ سے خارج کیا گیا پانی چہارشنبہ کی شام تک وشنوپوری پروجیکٹ میں داخل ہوگا۔ جس کے پیش نظر پروجیکٹ کے مزید کئی دروازے کھولے جانے کا امکان ہے۔

ضلع انتظامیہ نے گوداوری ندی کے کنارے آباد دیہاتیوں کو الرٹ رہنے کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ ناندیڑ ضلع میں منگل 26جولائی کی صبح 8:20بجے تک گزشتہ 24 گھنٹوں میں اوسطاً19.20ملی میٹر بارش کا اندراج کیا گیا ہے۔

ضلع میں جملہ 708.60ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ ضلع میں منگل 26جولائی کی صبح تک ہونے والی گزشتہ 24گھنٹوں میں بارش ملی میٹر میں تعلقہ اعتبار سے مندرجہ ذیل ہے۔

ناندیڑ 1 ،بلولی30.60، مکھیڑ22.40، قندہار20.70، لوہا 8.10 ، حدگاﺅں6.20 ، بھوکر11.70 ، دیگلور15.30، کنوٹ42.30 ، مدکھیڑ1.90، حمایت نگر25 ، ماہور37.30 ، دھرم آباد48.70 ، عمری17.80 ، اردھاپور00.50، نائیگاﺅں میں14.50 ملی میٹر بارش کا اندراج ہوا۔