بھوکر:2مئی (ور ق تازہ نیوز)ناندیڑشہر وضلع میں آج سہ پہر غیرموسمی بارش ہوئی جس کے ساتھ آسمانی گرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں ۔آج صبح سے ہی موسم خوشگوارتھااور مطلع ابرآلود تھا ۔اسلئے امکان تھا کہ غیر موسمی بارش ہوگی ۔کل شام کے وقت کافی طوفانی ہوائیں چلی تھیں اسلئے رات سے ہی موسم میں تبدیلی نظر آرہی تھی ۔

آج سہ پہر آسمان پرگھنے بادل چھاگئے اورتیزہواﺅں کے ساتھ بارش شروع ہوگئی اورکچھ ہی دیر میں سڑکوں پرپانی جمع ہوگیا۔شہر میںکچھ مقامات پرہلکی ژالہ کی بھی اطلاع ہے ۔اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رونما ہوئے ۔ ناندیڑ کے پڑوسی تعلقہ بھوکرمیںدوپہر ڈھائی بجے موضع پومناڑا میں بھوانی ماتا مندر کے قریب کھیت میں واقع درخت پرچررہی بکریوں پر آسمانی بجلی گری جس میں بابو یشونت کی دوبکریاں ہلاک ہوگئیں اور آٹھ شدید جھلس گئی ہیں ۔جبکہ گوئند راما مورے کی دوبکریاں ہلاک اورچار زخمی ہوئیں۔

تعلقہ کے موضع چدگری میں وجئے گلاب چوہان کی تین بھینسیں شام پانچ بجے بجلی گرنے سے فوت ہوئی ہیں ۔خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔تلاٹھی صاحب راو ٹومکے اپنے معاونین کے ہمراہ جائے واقعہ پر پنچنامہ کرنے کیلئے پہنچ گئے ۔موضع پومناڑا میں بھوکر تحصیل کے منڈل آفیسر مہیش واکڑے وتلاٹھی نے دورہ کیا۔آج ضلع کے متعدد تعلقہ جات میں سہ پہر سے ہی بارش کاسلسلہ شروع ہوگیااوررات میں بھی یہ سلسلہ جاری رہا۔