ناندیڑشہر میں بڑے پیمانے پر غیر مجازتجاوزات وقبضہ جات کے خلاف کاروائی

632

ناندیڑ:13ستمبر۔ (ورق تازہ نیوز) مراٹھواڑہ میں ناندیڑ ا یک اہم شہر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ یہاں ہر روز ہزاروں عقیدت مند آتے ہیں کیونکہ یہاں ایک گرودوارہ ہے جو سکھوں کے دسویں گرو شری گرو گوبند سنگھ کی آخری آرام گاہ ہے ۔ اندرون و بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں اور دیہی علاقوں سے روزمرہ کے کاموں کے لیے آنے والے شہریوں کی وجہ سے شہر میں ہر وقت ٹریفک جام رہتا ہے۔

اسی مناسبت سے چند سال قبل شہر میں تجاوزات ہٹا کر بڑی سڑکیں بنائی گئیں۔ لیکن رفتہ رفتہ اس سڑک پر ایک بار پھر چھوٹے تاجروں، ہاتھ گاڑے کے مالکان، پھل فروشوں، پتی فروشوں، ہوٹلوں، دکانوں، آٹورکشا مالکان نے قبضہ کرلیاہے جس کی وجہ سے سڑکیں تنگ اور ٹریفک میں خلل پڑتا ہے۔ وزیر آباد گوردوارہ سے قدیم مونڈھا ‘برقی چوک ‘منیار گلی تک کی سڑک جو کہ شہر کی اہم سڑک کہلاتی ہے، پر عرصہ دراز سے دوکانداروں اور دیگر کاروباریوں نے قبضہ کرلیا ہے ۔

فٹ پاتھ پرتو ہاتھ گاڑے والوں نے اس طرح قبضہ کررکھا ہے جیسے وہ ا نکی ذاتی ملکیت ہے۔جس کی وجہ سے پیدل آنے اور جانے والے شہریوں کو سڑکوں پر سفر کرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ چنانچہ گاڑیوں کے مالکان کو بھی اپنی گاڑیاں کھڑے کرنے میںدشواری پیش آرہی ہے۔سب سے زیادہ قبضہ دوکانداروںاور چھوٹے کاروباریوں نے کررکھا ہے ۔

اس لیے مذکورہ سڑک پر ہر وقت ٹریفک جام جیسا مسئلہ رہتا ہے۔ میونسپل انتظامیہ نے ان تجاوزات کو ہٹانے کے لیے متعدد بار تجاوزات کرنے والوں کو ہدایات اور نوٹس دیے لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ اس لیے میونسپل کمشنر ڈاکٹر۔ سنیل لہانے نے تجاوزات ہٹاودستہ کے سربراہ گنیش شنگے کی رہنمائی میں تجاوزات ہٹانے والی ٹیم نے اپنے ملازمین کے ساتھ آج منگل (23ستمبر) کو شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔ صبح دس بجے کے قریب ٹیم نے ریلوے سٹیشن کے احاطے سے تجاوزات کو ہٹا دیا اور تین ہاتھ گاڑے ، میز، کرسیاں اور بورڈز جیسا سامان قبضے میں لے لیا۔ علاوہ ازیں وزیر آباد کے علاقے میں تجاوزات کرنے والے چھوٹے تاجروں کے ہاتھ گاڑے بھی قبضے میں لےلئے ۔ شہر کے انابھاو¿ ساٹھے چوک میں بھی پچھلے کچھ دنوں سے تجاوزات بڑھ گئی ہیں۔

ٹیم نے مذکورہ مقام پر کارروائی کرتے ہوئے کمرشل کمپلیکس کے سامنے سڑک پر غیر قانونی طور پر رکھے گئے گاڑے کو قبضے میں لے لیا۔ شیواجی نگر علاقہ میں بھی کارروائی کی گئی۔ شیواجی نگر علاقہ میں پھول فروشوں نے فٹ پاتھ پر تجاوزات کرکے پھولوں کی دکانیں قائم کی ہیں۔ جس کی وجہ سے آئے روز ٹریفک جام ہو رہا ہے۔

اس لیے تجاوزات ہٹانے والی ٹیم نے یہاں پھول بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سامان ضبط کر لیا۔ میونسپل کارپوریشن کی ٹیم کی جانب سے چلائی گئی اس تجاوزات ہٹانے کی مہم سے شہر کے ریلوے اسٹیشن، وزیرآباد، انابھاو¿ ساٹھے چوک، شیواجی نگر کے علاقوں کے عوام نے راحت کی سانس لی ہے، اور ٹریفک کا مسئلہ عارضی طور پر حل ہوگیا ہے۔ تاہم شہری اس توقع کا اظہار کر رہے ہیں کہ میونسپل کارپوریشن کی تجاوزات ہٹانے والی ٹیم یہ کارروائی جاری رکھے اور ہردو چار دن بعد ان علاقوں کادورہ کرکے حالات کا جائزہ لیں۔