ناندیڑ:شوہر کواغواءکرنے کے معاملے میں بیوی اوراسکے عاشق کوجیل بھیج دیاگیا

331

ناندیڑ:8ڈسمبر ( ورقِ تازہ نیوز)اپنے شوہر کوعاشق اور اسکے ساتھیوں کی مدد سے اغواءکرنے کے معاملے میں اسکی بیوی اور اسکے عاشق اور دیگر تین افراد کو فرسٹ جوڈیشیل مجسٹریٹ سونالی برہاری جگتاپ نے عدالتی تحویل یعنی جیل میں بھیج دیا ہے ۔ کیونکہ اس معاملے میں دفعہ 364 کوجوڑ دیاگیا ہے ۔اسلئے ضمانت دینے کااختیار صرف ضلع عدالت کے پاس ہے ۔

تفصیل کے مطابق یکم ڈسمبر کو ٹیکس ایڈوائزر پرکاش تکارام شری رامے کو اس کی بیوی گیتانجلی (35 سال) اور گیتانجلی کے دوست بالاجی شیواجی جادھو (28 سال)، دلیپ سنگھ ہری سنگھ پوار (29 سال)، اوتار سنگھ نانک سنگھ رام گڑیا ( 38 سال) اور امول گووند بکترے ( 26 سال) نے مل کر ایک فوروہیلر میں بٹھاکر اونڈھا روڈ کی سمت لے جاکر اس کے ساتھ مارپیٹ کی اور زندہ چھوڑنے کے لیے ایک لاکھ روپئے کی کھنڈنی کا مطالبہ کیا۔

اس وقت پرکاش تکارام شری رامے کے پاس صرف 65 ہزار روپئے تھے وہ سب چھین لیے اور مزید پیسے ناندیڑ کو آنے کے بعد دینے کی دھمکی دے کر اسے راستہ پر ہی چھوڑدیا۔ اس معاملہ میں پرکاش شری رامے کی شکایت پر بھاگیہ نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔ بعد ازاں بھاگیہ نگر پولیس انسپکٹر سدھاکر آڑے کی رہنمائی میں پولیس افسران و ملازمین نے اغواءکرنے والی خاتون اور اس کے دوستوں کو صرف دو گھنٹے کے اندر حراست میں لے لیاتھا۔