ناندیڑ:شمیم عبداللہ جعلی ای ڈی نوٹس معاملے میں اتوارہ پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج
ناندیڑ:28 /مارچ۔ ( ورقِ تازہ نیوز)کانگریس پارٹی کے سابقہ ڈپٹی میئر ‘چیرمین و سابقہ کارپوریٹر شمیم عبداللہ کوگزشتہ دنوں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) ممبئی کی جانب سے ایک نوٹس ملا تھا جس میں کہاگیاتھا کہ انھیں 28 مارچ کو ممبئی میں ای ڈی کے دفترمیں حاضر ہونا ہے۔ جہاںانکا بیان درج کیاجائے گا جوناندیڑمیونسپل کارپوریشن میں گنٹھے واری محکمہ میں ہوئی بدعنوانی کے معاملے میں ہوگی اس نوٹس کے ملنے کے بعد ناندیڑ کے سیاسی حلقوں بالخصوص کانگریس پارٹی میں ہلچل مچ گئی تھی
۔شمیم عبداللہ بھی کافی پریشان ہوگئے تھے ۔لیکن جب ممبئی میںای ڈی کے دفتر سے ربط قائم کرکے اسکی معلومات حاصل کی گئی تو انکشاف ہوا کہ یہ سمن جعلی ہے ۔کیونکہ ممبئی دفترسے ا س طرح کا کوئی سمن جاری نہیں ہوا ہے ۔یہ واقعہ 23مارچ کو رونما ہوا تھا ۔ جس کے بعد آج 28مارچ کو اتوارہ پولس اسٹیشن میں جعلی سمن جاری کرنے کے معاملے میں نامعلوم فرد کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا ہے۔اتوارہ پولس اسٹیشن ذرائع کے بموجب فریادی شمیم عبداللہ ساکن مدینہ نگرناندیڑ نے اپنی شکایت میں کہا کہ وہ ناندیڑمیونسپل کارپویشن میں سابقہ ڈپٹی میئر ‘ چیرمین ‘ گروپ لیڈر کے عہدہ فائز رہے چکے ہیں اور فی الحال کانگریس پارٹی شعبہ اقلیت کے ضلع صدر ہیں۔23مارچ کودوپہرایک بجے برقی چوک میں انکے بھائی عبدالوسیم کی دوکان پر اسپیڈ پوسٹ سے میرے نام ایک مہربند لفافہ آیا ۔
جب وہ دوکان پر پہنچے اور لفافہ کھول کر دیکھاتولفافہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی ) ممبئی40001 سے نکھیل کمار گوبیلا کے نام سے آیاتھا جس کے نیچے جوائنٹ ڈائریکٹر آفس آف انفورسمنٹ زون 2 ممبئی اور اسکے نیچے اسٹامپ بھی تھا ۔جس کے بعد شمیم عبداللہ نے ممبئی میں ای ڈی کے دفتر سے بذریعہ فون رابطہ قائم کرکے نوٹس کے بارے میںجاننے کی کوشش کی جس کے بعد ممبئی آفس نے انھیں نوٹس واٹس ایپ پرروانہ کرنے کی ہدایت دی ۔اسکے بعد نوٹس روانہ کی گئی اورکچھ دیر بعد دفتر نے واضح کردیا کہ یہ نوٹس ہمارے دفترسے جاری نہیں ہوئی۔اور آج ممبئی دفترنے تحریری طور پر بھی اسکی اطلاع دی ہے ۔ جس کے بعد ناندیڑ میں کیس درج کیاگیا ہے۔ایف آئی آر میں شمیم عبداللہ نے مزید کہا کہ انھیں بدنام کرنے کیلئے کسی نے سازش رچی ہے۔ اسلئے معاملے کی تفتیش کی جائے۔ اتوارہ پولس نے تعزیرات ہند کی دفعات 468‘469‘471‘472‘501 کے تحت جرم درج کیاگیا ہے ۔