ناندیڑسے عازمین حج کی سہولت کے لیے ٹرینوں کواضافی کوچیس لگائے جائیں؛:کانگریس

ناندیڑ۔ ۶ جون (حیدر علی ):ناندیڑ ضلع کے بیشتر عازمین حج جن کا حج کمیٹی کی جانب سے سفر حج کے لیے انتخاب عمل میں آیا ہے ان کی روانگی ۸۱ جون کو ممبئی سے ہونے والی ہے۔ ان دنوں تعطیلات اور شادیوں کے سیزن کی وجہ سے ریلوے میں کافی ہجوم موجود ہے۔ ہر سال کی طرح امسال بھی کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت اور مسلم کارپوریٹرس کے وفد نے سابق چیف منسٹر اشوک چوہان کی ہدایت پر ریلوے کے ڈیویژن آفس پہنچ کر ریلوے کے اعلی حکام سے ملاقات کی اور ایک میمورنڈم پیش کیا۔

اس میمورنڈم میں بتایا گیا کہ ۸۱ جون کو ناندیڑ کے سب سے زیادہ حج ممبئی سے روانہ ہونے والے ہیں۔ عازمین حج اور ان کے افراد خانہ نے ریلوے کے ٹکٹ کا ریزرویشن کیا ہے مگر وہ ویٹنگ لسٹ ہے۔ اس لیے ہر سال کی طرح امسال بھی نندی گرام، دیو گیری اور راجیہ رانی ایکسپریس ان تینوں ٹرینوں میں سلیپر کے دو دو اضافی کوچیس لگائے جائیں

تاکہ روانہ ہونے والے عازمین حج اور ان کے ساتھ جانے والوں کو سہولت ہو سکے۔ اضافی کوچیس ۵۱ اور ۶۱ جون کو لگانے کا مطالبہ اس میمورنڈم میں کیا گیا ہے۔ کانگریس کے اس وفد میں کانگریس اقلیتی شعبہ کے ریاستی نائب صدر و سابق ڈپٹی میئر مسعود احمد خان، اقلیتی شعبہ کے ضلع صدر و سابق چیئرمن شمیم عبداللہ، سابق کارپوریٹر منتجب الدین، سید شیر علی، عبدالحفیظ باغبان، عبدالرشید و دیگر موجود تھے۔ اس میمورنڈم پر سابق میئر عبدالستار ، سابق ڈپٹی میئر عبدالغفار کی دستخط بھی موجود ہے۔

واضح رہے کہ ممبئی سے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ ۷ جون سے شروع ہو رہا ہے۔ ناندیڑ کے عازمین حج کی روانگی ۹ جون سے شروع ہو رہی ہے مگر سب سے زیادہ عازمین حج ۵۱ اور ۶۱ جون کو ناندیڑ سے ممبئی کے لیے روانہ ہونے والے ہیں۔