ناندیڑ:سانپ ڈسنے سے دیڑھ سالہ بچہ فوت
دھرم آباد:24جولائی ( ورقِ تازہ نیوز) گھر کے لکڑی سے بنے چھت سے اُتر کر زہریلے سانپ نے دیڑھ سالہ بچہ کو ڈسنے کی وجہہ سے بچہ کی موت ہوگئی۔ یہ واقعہ گزشتہ روز شب گیارہ بجے دھرم آباد تعلقہ کے موضع پانگری میں پیش آیا۔ سمیدھ اُتم راﺅ لانڈگے اپنے گھر میں ہمیشہ کی طرح افرادِ خانہ کے ہمراہ سوئے ہوئے تھے۔ بارش کا موسم ہونے کی وجہہ سے سانپ گھر میں کب آیا پتہ نہیں چلا۔
شب گیارہ بجے زہریلے سانپ نے دیڑھ سالہ بچہ (نام سنیکیت)کو ڈس لیا۔ اس زہریلے سانپ نے بچہ کو دو مرتبہ ڈسا۔ جس کی وجہہ سے بچہ رونے لگا۔ بچہ کے والدین رونے کی آواز سن کر جاگ گئے۔ تب انہیں علم ہوا کہ بچہ کو سانپ نے ڈس لیا ہے۔ تب فوری طور پر بچہ کو دھرم آباد کے دیہی اسپتال میں علاج کے لیے شریک کیا گیا ، تاہم میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر وینوگوپال پنڈت نے بچہ کو مُردہ قرار دیا۔ جمعہ کی صبح پانگری میں فوت ہونے والے بچہ کی سوگوار ماحول میں آخری رسومات ادا کی گئیں۔بارش کے موسم میں اس گاﺅں میں بجلی سربراہی بھی بار بار منقطع ہورہی ہے۔
گاﺅں میں بجلی سربراہی کے لیے تین ڈی پی خراب ہوگئے ہیں۔ مسلسل نمائندگی کے باوجود بھی ان کی درستی نہیں کی گئی۔ گاﺅں میں مسلسل اندھیرے ہونے کی وجہہ سے زہریلے سانپ، بچھو اور دیگر موذی جانور بلوں سے باہر نکل رہے ہیں۔ جبکہ کئی بار گھروں میں بھی داخل ہورہے ہیں۔ جس کی وجہہ سے گاﺅں میں خو ف و ہراس پیدا ہوگیا ہے۔ مہاوترن افسران کو فوری طور پر ڈی پی درست کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔