ناندیڑ:دھنے گاﺅں پھاٹہ پر جوے کے اڈے پر دبش
ناندیڑ:5مارچ ( ورقِ تازہ نیوز) ناندیڑ ضلع میں غیر قانونی کاروبار بند کرنے کے لیے پولیس سپرنٹنڈنٹ شری کرشن کوکاٹے نے سخت اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ مختلف پولیس اسٹیشنوں میں خصوصی آفیسر و ملازمین کی ٹیم تشکیل دے کر کوکاٹے کی ٹیم نے دھنے گاﺅں پھاٹہ پر واقع جوے کے اڈے پر دبش دے کر نقد 1 لاکھ 65 ہزار روپئے کے علاوہ دو ٹووہیلر، ایک فوروہیلر اور آٹھ موبائل ضبط کیے۔ اس معاملہ میں پولیس نے آٹھ جواریوں کو حراست میں لیا ہے۔ واضح رہے کہ ناندیڑ شہر اور ضلع میں مٹکہ، جوا ، غیر قانونی شراب کی فروخت وغیرہ جیسے کاروبار عام ہوگئے ہیں۔
نئے افسران کی جانب سے رجوع ہونے کے بعد ایسے غیر قانونی کاروبار کے اڈوں پر دبش دے کر خود کی چھاپ پیدا کی جاتی ہے، تاہم بعد میں اس معاملہ کی کوتاہی کی جاتی ہے۔ ویسے بھی شہر اور ضلع میں گولی باری کے بڑھتے واقعات کی وجہہ سے نظم و نسق کا مسئلہ سنگین بنا ہوا ہے اور عوام کی جانب سے پولیس کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن کے حدود میں دھنے گاﺅں پھاٹہ کے پاس ایک بلڈر کی جانب سے بڑے پیمانے پر جوے کا اڈہ چلایا جارہا ہے۔ اس اڈے کی اطلاع پولیس سپرنٹنڈنٹ شری کرشن کوٹاٹے کو ملنے کے بعد انہوں نے شہر و اطراف کے کچھ منتخب پولیس اسٹیشن کے خصوصی پولیس افسران و ملازمین کو ایسے غیر قانونی اڈوں پر سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔