ناندیڑ:دوسری سڑک کی کھدائی کاملبہ ڈال کرٹیپوسلطان روڈ کے گڑھوں کو بند کرنے کا کام جاری

188

ناندیڑ:3اگست (ورق تازہ نیوز) ناندیڑشہر میں اہم سڑکوں کے علاوہ بستیوںکی سڑکیں بھی انتہائی خستہ حالت میں ہوگئی ہےں۔فی الحال موسم برسات جاری ہے اوراب تک شہر میں بہت زیادہ بارش ہوئی ہے جس کی وجہہ سے جو سڑک کچھ اچھی حالت میں تھی اب انکی حالت بھی انتہا سے زیادہ خستہ ہوچکی ہے۔البتہ قدیم شہر کے گلزار باغ ‘گلشن کالونی ‘ اسلام پورہ وغیرہ علاقوں کو جوڑنے والی ٹیپوسلطان روڈ کی حالت بہت ہی ناقص ہوگئی ہے۔جب پہلی بار یہ سڑک تعمیر ہوئی تھی اسکے بعد آج تک دوبارہ اسکی تعمیر عمل میں نہیں آئی ہے

البتہ کبھی کبھی عوام اور میڈیا کی جانب سے آواز اٹھانے پر اسکی تھوڑی بہت مرمت کردی جاتی ہے۔سال گزشتہ بھی کچھ مرمت کی گئی تھی لیکن چند مہینوں میں اسکی حالت دوبارہ خراب ہوگئی اور فی الحال شہر کی سب سے خراب سڑکوں میں اسکا نمبر پہلے پانچ میں ضرور آئے گا۔اس مرتبہ بھی سڑک پر زیادہ گڑھے ہونے کی وجہہ سے اسکی مرمت کی جارہی ہے مگریہ مرمت ٹامپریا گٹی سے نہیں بلکہ دوسری ٹامپر کی سڑک کی کھدائی کے بعداسکے نکلنے والے ملبے سے کی جارہی ہے ۔سڑک پر جہاں جہاںبھی گڑھے ہوگئے ہیں وہاں پر دوسری سڑک سے نکلنے والا ملبہ ڈالا جارہا ہے اور جے سی بی مشین کی مدد سے ملبے کو ہموار کیاجارہا ہے۔

سڑک کے گڑھے عارضی طور پر بند ضرور ہوجائیںگے مگر جب بھی بارش ہوگی دوبارہ یہ ملبہ پانی میں بہہ جائے گا۔اسلئے سڑک کی پختہ تعمیر کی ضرورت ہے۔مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ ایک طرف نئے شہر میں سڑک پر سڑک بنائی جارہی ہے اوردوسری جانب قدیم شہر کی سڑکوں کی حالت پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔عوام میں شدیدناراضگی پائی جاتی ہے ۔جس کا خمیازہ آئندہ بلدیہ انتخابات میں کانگریس پارٹی کو اٹھانا پڑسکتا ہے۔(ویڈیو نیوز دیکھیں حسب ذیل لنک پر)