ناندیڑ:4جون۔ (ورق تازہ نیوز)ناندیڑشہر کی تمام اہم سڑکوں کی حالت ان دنوں کافی خستہ ہوگئی ہیں ۔ چند ماہ قبل ریاست کے وزیر تعمیرات عامہ و ناندیڑ کے رابطہ وزیر اشوک راوچوہان نے شہرکی اندرونی سڑکوں کی مرمت و تعمیر کیلئے 50کروڑ روپےوں کے فنڈ کو منظوری دلوائی تھی ۔لیکن ابھی تک اس فنڈ سے سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع نہیںہوسکاہے۔قدیم شہر کے برکت کامپلکس تامال ٹیکڑی ریلوے اسٹیشن کی سمت جانیوالی ٹیپوسلطان روڈ کی حالت ان دنوں کافی خستہ بنی ہوئی ہے ۔

سڑک کے دونوں جانب بڑے بڑے گڑھے ہوئے ہیں جس سے موٹرگاڑیوں والوں کوگزرنے میںبہت دشواری پیش آرہی ہے۔ فی الحال موسم برسات کاآغاز ہورہا ہے۔ایسے میں سڑک کی حالت مزید ابتر ہوجائے گی۔آج 4جون کو صبح کے وقت شہر میں تیزہواﺅں کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی جس کے بعد ٹیپوسلطان روڈ کے ان گڑھوں میںجگہ جگہ ایک فٹ تک پانی جمع ہوگیا ہے ۔جہاںسے گاڑیوں کاگزرنا نہایت ہی دشوارکن ہوگیا ہے۔ایسے میں چھوٹے حادثات بھی ہورہے ہیں۔

یہ سڑک سال 2008ءمیں گوروتاگدی تقاریب کے موقع پر خصوصی فنڈسے تعمیر ہوئی تھی جس کے بعد سے آج تک سڑک کی مرمت نہیں ہوئی اسلئے اب جگہ جگہ گڑھے ہوگئے ہیں اور حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔اسلئے مقامی لوگوںاوریہاں کی آس پاس کی بستیوںمیں رہنے والوں کاکہنا ہےکہ متعلقہ محکمہ سڑک کی فی الفور مرمت کرے یا پھرعارضی طور پر ان گڑھوں کوبند کیاجائے ۔تاکہ لوگوں کوآمد و رفت میں کوئی دشواری پیش نہ آئے ۔حالانکہ یہ سڑک دو رُخی ہے مگر جس جانب زیادہ گڑھے ہیں وہاں کی سڑک کوچھوڑ کر لوگ کم گڑھے والی سڑک کا استعمال کررہے ہیں ایسے میں دونوں جانب کی ٹرافک کبھی کبھی ایک رُخی سڑک پر ہورہی ہے ایسے میں حادثات کاخطرہ بڑھ رہا ہے۔