ناندیڑ:جیپ اُلٹ جانے سے چار طالبات زخمی

331

حمایت نگر(ناندیڑ):7مئی ( ورقِ تازہ نیوز) ڈرائیور کا گاڑی پر سے کنٹرول کھوجانے کے باعث ایک تیز رفتار جیپ اُلٹ گئی۔ جس میں چار طالبات شدید زخمی ہوگئیں۔ یہ حادثہ حمایت نگر تعلقہ کے سوناری پھاٹہ تا پوٹا کے درمیان واقع ٹول ناکہ کے قریب پیش اتوارکی صبح پیش آیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی سوناری کے عوام نے فوری طور پر زخمیوں کو جیپ سے نکال کر حمایت نگر کے اسپتال میں شریک کیا۔ خوش قسمتی سے اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم جیپ کو کافی نقصان پہنچا ۔ تفصیلات کے مطابق حمایت نگر تعلقہ کے پوٹا موضع سے اتوارکی صبح کچھ مسافرین اور طالبات کو لے کر MH06AL-9333 نمبر کی جیپ حمایت نگر سے روانہ ہوئی۔

تاہم یہ جیپ کافی تیز رفتار ہونے کی وجہہ سے سوناری پھاٹہ میں واقع ٹول ناکہ کے قریب ڈرائیور نے کنٹرول جیپ سے کھودیا۔ اور جیپ راستہ کے بازو اُلٹ گئی۔ اس موقع پر جیپ میں سوار 6 مسافرین کے منجملہ چار طالبات زخمی ہوگئیں۔ ان میں ایک طالبہ کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ جبکہ دیگر طالبات کو معمولی زخم آئے۔

اس جیپ میں اسنہا ولاس جادھو، ویدیکا پنڈت راﺅ جادھو، اسمردھی پنڈت راﺅ جادھو، کونڈبابا راﺅ جادھو، پونم راجیشور پتنگے و دیگر ایک طالبہ سوار تھے۔ مذکورہ حادثہ ہوتے ہی مقامی لوگوں نے فوری طور پر زخمی طالبات کو جیپ میں سے نکال کر حمایت نگر کے اسپتال میں شریک کیا۔ حمایت نگر کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر اجیناتھ پاٹل نے زخمی طالبات کو اسپتال میں جاکر ملاقات کی۔ جبکہ حمایت نگر بی جے پی یوتھ مورچہ کے تعلقہ صدر رام سوریہ ونشی نے زخمیوں کو علاج کے لیے مدد کی۔

دریں اثناءغیر ذمہ دارانہ طور پر ڈرائیونگ کرنے والے شخص پر کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ مزید کارروائی پولیس انسپکٹر بی ڈی بھسنور کی رہنمائی میں اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر اجیناتھ پاٹل، اویناش راچٹوار اور ان کی ٹیم کررہی ہے۔ تادمِ تحریر ڈرائیور پر مقدمہ درج نہیں کیا گیا تھا۔