ناندیڑ:جعلی نوٹوں کاچلن ‘ُ مفرور ملزم گرفتار‘ پولس کسٹڈی

437

حمایت نگر :25 جولائی۔( ورق تازہ نیوز) حمایت نگر پولس اسٹیشن حدود میںدیڑھ سال سے فرار مفرور ملزم کو پولس نے گرفتار کرلیاہے۔اسے فرسٹ جوڈیشیل مجسٹریٹ کیندرے کے اجلاس میں پیش کیاگیا۔ ملزم کو دو دنوں کےلئے پولس کسٹڈی میں رکھنے کاحکم دیا ہے۔ مفرور ملزم کے خلاف جعلی نوٹوں کواستعمال کرنے پر جرم درج کیاگیاتھا ۔ پولس نے بتایا کہ مفروراور چوتھے ملزم کو 24جولائی گرفتار کرکے اسے عدالت میں حاضر کیاگیا ۔

حمایت نگر پولس اسٹیشن میں 11جنوری 2021 کو جعلی نوٹوں کو بازارمیںچلانے کے الزام میں ملزمان شیخ ستار شیخ بابو (ساکن بارڈ) ‘شیخ محبوب شیخ رسول(بھوکر) اور ویکاس سنبھاجی کدم (ٹاکرا ڑا بزرگ حمایت نگر) کے خلاف جرم درج کیاگیاتھا ۔تحقیق کے دوران ملزمان کی تحویل سے 100 ‘200 اور 500 روپے کے جعلی نوٹ برآمد ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں ایک چوری کی موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی تھی ۔تین ملزمان گرفتارہوئے تھے لیکن چوتھا ملزم گجانن بالاجی مانے(پاروا بزرگ حمایت نگر) فرار تھا ۔

ملزم کو حمایت نگر کے پولس انسپکٹر بی ڈی بھوسنور کی رہنمائی میں پی ایس آئی بالاجی مہاجن و دیگر پولس ملازمین نے گرفتار کیا۔آج ملزم کو فرسٹ جوڈیشیل مجسٹریٹ کیندرے کے اجلاس میں پیش کیاگیا۔پولس کے مطالبہ پر ملزم کو پولس کسٹڈی دیتے ہوئے 2 دن تک پی سی آر دیاگیا ہے۔ناندیڑضلع میں جعلی نوٹوں کے چلن کی خبریں وقتا فوقتاً سنائی دیتی رہی ہیں۔ چنانچہ پولس کوپتہ چلنے پر جعلی نوٹوں کاچلن کرنے والے ملزمان کوگرفتار کیاگیاتھا۔