ناندیڑ:تروڑا زون نمبر1(D)کے پوسٹل ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوگی

ناندیڑ:21فروری۔(ورق تازہ نیوز) میونسپل کارپوریشن کے 2017ءمیںمنعقدہ عام انتخابات میں زون نمبر 1(D) تروڑا خورد کے رائے شماری میں پوسٹل ووٹوں کی گنتی نہیں کی گئی تھی اس معاملے میں کانگریس کے امیدوار دنیش مورتالے نے اس زون کے پوسٹل ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرنے کیلئے رٹ پٹیشن دائر کی تھی جس پر دیوانی عدالت کے جج آر ایس کرنکاڑنے ووٹوں کی گنتی کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن اس زون کے شیوسینا کے کارپوریٹر بالاجی کلیان کر نے اس گنتی کے خلاف ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی تھی جسے مسترد کردیااور دیوانی عدالت کے فیصلہ کوبرقراررکھا ۔

ناندیڑکارپوریشن کے عام انتخابات 2017ءمیں منعقد تھے جس میں 11اکتوبر کورائے دہی عمل میں آئی اور 12اکتوبرکورائے شماری ہوئی تھی۔ زون نمبر 1(D) تروڑا خورد کے شیوسینا کے بالاجی کلیانکر ور کانگریس کے دنیش لکشمن مورتالے میں سخت مقابلہ ہواتھا اور نتائج کے ابتداءمیں دنیش مورتالے کو 136ووٹوںسے شکست ہونے کااعلان کیاتھا لیکن 16اکتوبر کو مورتالے نے کارپویشن کے محکمہ انتخابات میں درخواست دی جس کے بعدنتائج میں تبدیلی کی گئی اور بتایا گیا کہ مورتالے کو صرف 2ووٹوں سے شکست ہوئی لیکن مورتالے نے مزید کہا کہ پوسٹل ووٹوںکی رائے شماری میں فرق آیا ہے اسلئے ناندیڑ عدالت میں رٹ پٹیشن دائر کی جس کے بعد عدالت نے دونوں فریقین کی بحث کے بعد پوسٹل ووٹوں کی گنتی کرنے کا ؓحکم 4فروری کودیاتھا جس کے بعد کامیاب امیدوار بالاجی کلیانکر نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایاا ور دوبارہ رائے شماری کی مخالفت کی لیکن ہائی کورٹ نے رٹ پٹیشن کومسترد کردیا ۔

جس کے بعد بالاجی نے سپریم کورٹ میں رٹ دائر کی جس پر 19فروری کوفیصلہ سنایاگیااوردیوانی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھنے کاحکم دیا ۔اس طرح سپریم کورٹ کایہ فیصلہ قطعی ہے ۔ سپریم کورٹ میں رٹ پٹیشن مسترد ہونے کے بعد دیوانی عدالت نے اس معاملے میں دوبارہ رائے شماری کا حکم دیا ہے ۔دیوانی جج آر ایس کرنکاڑ نے 7مارچ تک پوسٹل ووٹوںکی گنتی کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ پوسٹل ووٹوں کی گنتی کےلئے ناندیڑ کے سب دویژنل آفیسر لطیف پٹھان کا کورٹ کمشنر کے طور پر تقررکیاگیا ہے ۔اس رائے شماری کیلئے تیاریاں شروع ہوگئی ہےں۔