ناندیڑ:31جنوری ۔(ورق تازہ نیوز) شنکر ناگری سہکاری بینک گھوٹالہ کے 15 ویں ملزم کو ممبئی کے لوکھنڈ والا کمپلیکس سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق اس نے بینک گھوٹالے کے مختلف ملزموں کے لگ بھگ 20 لاکھ روپے تقسیم کئے۔

شنکر ناگری سہکاری بینککے آئی ڈی بی آئی بینک اکاوئنٹ کو ہیک کرکے 14.46 کروڑ روپے ہڑپ کرلئے گئے تھے۔ وزیرآباد پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، بیشتر مجرموں کو ناندیڑ مقامی کرائم برانچ نے گرفتار کیا ہے۔ لیکن پولیس سپرنٹنڈنٹ پرومود شیوالے کی موثرقیادت میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس نلیش مور ، وجئے کباڈے اور خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے چیف ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس وکرنت گائکواڈ نے بھی بینک گھوٹالے پر پوری توجہ دے رہے ہیں۔

اسی کے ساتھ ہی ناندیڑ شہر کے تمام پولس اسٹیشنوں کے پولیس انسپکٹرز اور بہت سے افسران اور پولیس اہلکار سخت محنت کر رہے ہیں۔ ائیرپورٹ پولس اسٹیشن کے انسپکٹر انیرودھ کاکڑے کی رہنمائی میں 15 ویں مجرم کو ممبئی کے لوکھنڈ والا کمپلیکس سے تلاشی دستہ کے چیف اسسٹنٹ انسپکٹر وی ڈی جادھو اور پولیس اہلکار لوکھنڈے اور بالاجی کیندرے نے گرفتارکیا ہے۔ اس کے پاس کرناٹک بینک کاچیک بک ، ریزروبینک آف انڈیاکا جعلی کریڈٹ کارڈ اور متعدد اہم دستاویزات تھے۔ 45 سالہ ابھیجیت اندانی شیٹی ، جسے آج صبح گرفتار کیا گیا اور وزیر آباد پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ وہ بینک گھوٹالہ کا 15 واں ملزم ہے۔