ناندیڑ:5جنوری(ورق تازہ نیوز)گزشتہ کئی مہینوں سے افتتاح کامنتظرمہاراشٹر کااولین اردوگھرکی مرمت و دیگر تعمیراتی کاموں کیلئے ریاستی حکومت کے محکمہ اقلیتی بہبود نے آج مزید38لاکھ سے زائد کافنڈمنظور کیا ہے ۔

ریاستی حکومت کے اقلیتی محکمہ فلاح وبہبود نے جی آر ناندیڑاردو گھر 2018 نمبر 194بتاریخ 5جنوری 2019ءجاری کرتے ہوئے کہا کہ ناندیڑشہر کے مدینتہ العلوم ہائی اسکول کے قریب سروے نمبر 12692 میونسپل کارپوریشن کی اراضی پر تعمیر کردہ اردو گھر کی مرمت دیکھ بھال وانتظامی ذمہ داری ضلع کلکٹرناندیڑ کے سپرد کی گئی ہے ۔
اردوگھر کی تجوید کاری و دیگر معمولی کاموں کیلئے ضلع کلکٹر ناندیڑ اور ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ ناندیڑ نے دو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بجٹ منظور کرنے کی درخواست کی تھی ۔ جس کے بعد اس بجٹ تخمینہ کی محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے چھان بین کی گئی اور 38لاکھ 47ہزار706 فنڈ کو انتظامی منظوری دی گئی ہے ۔یہ فنڈجلد ہی متعلقہ محکمہ کو مل جائے گا۔یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ ناندیڑ میں مہاراشٹر کا اولین اردوگھر اس وقت کے وزیراعلیٰ اشوک راوچوہان کی کوششوں سے منظور ہواتھا اور اسکی تعمیر بھی مکمل ہوچکی ہے لیکن آج تک افتتاح عمل میں نہیں آیا ہے۔اس دوران اردو گھر میں چوری اور آتشزدگی کے واقعات بھی رونما ہوچکے ہیں جس سے لاکھوں روپیوں کانقصان ہوا ۔حالیہ دنوں اردو گھر کی مختلف اسامیوں کیلئے تقرر بھی عمل میںآیا ہے لیکن ناندیڑ کے عوام آج بھی افتتاح کے منتظر ہے ۔یہ معاملہ سیاسی تعطل کاشکار ہوا ہے ۔حالانکہ ریاست کی بی جے پی حکومت نے ار دوگھر کا افتتاح جلد کرنے پرغو ربھی کررہی ہے لیکن ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ۔
ناندیڑ کے اردو داں طبقہ کےلئے پہلی مرتبہ حکومت کی جانب سے کوئی بڑا کام ہواتھا لیکن وہ بھی سیاسی تعطل کاشکار ہوجانے سے مسلمانوں میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ابھی تک صرف افتتاح کے تیقنات ہی دئےے جارہے ہیں لیکن تاریخ کاتعین ابھی تک نہیں ہوسکا ۔دوسری جانب اردوگھر ریاست کی پہلی ایسی سرکاری عمارت ہے جس کو افتتاح سے قبل ہی مرمت و دےکھ بھال کیلئے بجٹ دیاجارہا ہے ۔