• 425
    Shares

یوم آزادی پراردومشاعرہ ‘ ضلع کلکٹر کی صدارت میں ثقافتی کمیٹیوں کی پہلی میٹنگ منعقد

ناندیڑ: 2اگست(ورق تازہ نیوز(اردوگھر ناندیڑ میںسول سروسیسMPSC اور UPSC امتحانات کی کوچنگ کےلئے سنٹرس ‘ طلباءکےلئے اسٹیڈی سنٹراورشہریان کےلئے ریڈینگ روم قائم کئے جائیں گے ۔ یوم آزادی کے موقع پر 14اگست کوا ردوگھرمیں اردو مشاعرہ منعقد کیاجائے گا۔ بروز پیر 2اگست 2021ءکودوپہر ساڑھے بارہ بجے کلکٹر آفس میںضلع کلکٹرڈاکٹرویپن اٹنکر کی صدارت میں اردوگھر کی ثقافتی کمیٹی اورذیلی ثقافتی کمیٹی کی میٹنگ میں مذکورہ فیصلہ کیاگیا ۔میٹنگ کی ابتداءمیں ثقافتی کمیٹی صدر اور ضلع کلکٹرڈاکٹروپن اٹنکر نے دونوں کمیٹیوں کے تمام سرکاری اور غیرسرکاری ممبران کاگلدستہ دے کر استقبال کیا ۔

میٹنگ میں ثقافتی کمیٹی نائب صدرشرد منڈلک(ڈپٹی کلکٹر)‘ممبران میں ڈاکٹر جگدیش این کلکرنی (ا یس آر ٹی یونیورسٹی کے نمائندہ) ‘ اجیت پال سنگھ سندھوڈپٹی کمشنرناندیڑمیونسپل کارپوریشن ‘ایڈوکیٹ محمدعبدالرحمن صدیقی ‘محمدتقی ‘قاضی ادریس علی سحر‘ ڈاکٹردُرانی شبانہ ‘ڈاکٹرتسنیم انجم‘ محمدمظفر الدین ‘ حبیب مسعودعلی‘ذکی احمدقریشی ‘اردوگھر کے مینجر سلیم خان‘ذیلی ثقافتی کمیٹی کے صدر شرد منڈلک(ڈپٹی کلکٹر) ممبر منتجب الدین اور ممبرومینجر سلیم خان نے شرکت کی۔

ضلع کلکٹر ڈاکٹراٹنکر نے میٹنگ میں کہا کہ اردو گھر میں MPSCاورUPSC کوچنگ سنٹرقائم کرنے کےلئے‘حج ہاوس ممبئی میں جاری مذکورہ سول سروسیس کے کوچنگ سنٹرس کے بارے میںمعلومات حاصل کی جائیں گی ۔حج ہاوس کے عہدیداران سے تحریری رابطہ قائم کرنے کی ہدایت دی ۔اسطرح کوچنگ سنٹرس میںزیرتعلیم طلباءکےلئے کتب خریدی جائیںگی ۔ لائبریری کے ذخیرہ کتب میں اضافہ کیلئے شہریان سے عطیہ کتب کی اپیل کرنے کی ہدایت بھی دی۔سنٹرس میں اقلیتی طبقات ‘مسلم ‘ جین‘ پارسی ‘ سکھ ‘نوبودھ کے طلباءکوداخلہ دیاجائے گا۔داخلے سے قبل ٹیسٹ منعقد کیاجائے اور میرٹ کی بنیاد پر طلباءکوداخلہ دیاجائے گا۔لائبری کےلئے معمولی ممبرشپ فیس مقرر کی جائے گی ۔

انھوں نے اردوگھر کے آڈیٹوریم کے کرایہ کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی سے کرایہ کی رقم کی تفصیل موصول ہوئی ہے ۔جس کے مطابق تین گھنٹوںکے لئے7180/- روپے کرایہ مقرر کیاگیا ہے ۔ لیکن اس کو حکومت کی منظوری لینا ہے اس کے علاوہ بجلی استعمال کی رقم بھی ادا کرنی ہوگی ۔ البتہ ضلع کلکٹر(صدر کمیٹی)اورڈپٹی کلکٹر (نائب صدر) کے مشورے سے کرایہ میں رعایت کے بارے میں غور کیاجاسکتا ہے ۔آڈیٹوریم کو بُک کروانے کےلئے مینجر سے رابطہ قائم کیاجاسکتا ہے۔ انھوں نے مرکزی حکومت کے ادارے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان دہلی کے تعلیمی کورسیس شروع کرنے کے بارے میں کونسل سے خط و کتابت کرنے کی ہدایت دی ۔ کمیٹی کے ممبران نے یوم آزادی کے موقع پر اردوگھر میں اردو مشاعرہ منعقد کرنے کی تجویز پیش کی جس کوضلع کلکٹر نے فوری منظور کرتے ہوئے کہاکہ مشاعرہ 14 اگست کومنعقد کیاجائے اور ریاستی اردوساہتیہ اکیڈیمی ممبئی کے عہدیداران سے مشاعرہ کے تعلق سے ربط پیدا کرنے کی ہدایت دی ۔

واضح ہو کہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے چیف ایگزےکٹیو آفیسر(سی ای او)شعیب ہاشمی ثقافتی کمیٹی کے ممبر ہیں ۔جو آج کسی وجہ سے میٹنگ میںشرکت نہیں کرسکے ۔ البتہ انھوں نے 28 جولائی کو ضلع کلکٹر سے ملاقات کرکے اردوگھر میں ادبی ثقافتی پروگرام منعقدکرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیاتھا ۔اردو گھر کمیٹیوں کی یہ پہلی میٹنگ تھی جو خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں سبھی ممبران نے اپنی تجویز پیش کی۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔