ناندیڑ:19جنوری(ورق تازہ نیوز)شیواجی نگر کے فرنیچرتاجر وجئے دتاتریہ گڈم پر تین افراد نے تلوار سے جان لیوا حملہ کرکے شدید زخمی کردیا ۔یہ واقعہ شب آٹھ بجے رونما ہوا۔ وزیر آباد پولس اسٹیشن میں مقدمہ کااندراج کردیاگیا ہے ۔ تفصیل کے مطابق16 جنوری کو شب آٹھ بجے وزیر آبادحدود کے آیورویدک کالج کے سامنے فریادی وجئے گڈم پان پٹی پر پان کھانے کیلئے ٹہرے ہوئے تھے.

اس وقت تین نامعلوم افراد نے ابتداءمیں گڈم سے بحث و تکرار کرنے کے بعد دھکم بیل کی اسکے تلوار نکال کر گڈم کی گردن پر وار کردیا ۔ جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے ۔اس جان لیوا حملہ کے بعد ملزمین نے راہ فرار اختیار کرلی ۔اس واقعہ کے بعد علاقہ میں ہلچل مچ گئی ۔زخمی حالت میں وجئے گڈم وزیر آباد پولس اسٹیشن پہنچے ۔ پی آئی سندیپ شیولے نے فی الفور انھیں اسپتال روانہ کیا۔

پولس نے جائے واردات پرموجود سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی لیکن ملزمین کی شناخت نہیں ہوسکی۔اس واقعہ کے بعدتاجروں میں خوف ودہشت کاماحول ہے ۔ گزشتہ سال ناندیڑشہر میں تاجروں پر غنڈہ عناصر کی جانب سے جان لیوا حملوں کے کچھ واقعات رونما ہوچکے ہیں ۔ وجئے گڈم پرحملہ کی وجوہات کا فی الحال علم نہیں ہوسکاہے ۔ وزیر آباد پولس کے پی آئی سندیپ شیولے کی رہنمائی میں تفتیش جاری ہے۔