ناندیڑ:4اپریل ( ورقِ تازہ نیوز) ناندیڑ، پربھنی، ہنگولی، واشم کے علاوہ مراٹھواڑہ، ودربھ کے مختلف اضلاع میں پٹرول پمپ کو لوٹنے والی ٹولی کو اردھاپور پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 14مارچ کو پدماوتی پٹرول پمپ کے منیجر دادا راﺅ اشوک ہاکے ( ساکن ناندیڑ) نے پٹرول پمپ پر چار دن میں جمع ہوئی 9 لاکھ 54 ہزار روپئے کی رقم ایک بیگ میں ڈال کر صبح دس بجے مالیگاﺅں میں واقع ایک بینک میں جمع کرنے کے لیے موٹر سائیکل پر جارہے تھے۔ دریں اثناءدھامدری پاٹی کے قریب اُن کا پیچھا کرتے ہوئے ایک پلسر موٹر سائیکل پر تین افراد اپنے چہروں پر کپڑا باندھ کر آئے۔

ان سارقین نے دادا راﺅ ہاکے کی موٹر سائیکل کو پیچھے سے لات مار کر اُنہیں گرانے اور اُن کے پاس موجود 9 لاکھ 54 ہزار 220 روپئے سے بھرا ہوا بیگ زبردستی لوٹنے کی کوشش کی۔ اس معاملہ میں اردھاپور پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند کی دفعہ 393 کے تحت نامعلوم سارقین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ پرمود شیوالے، ایڈیشنل ایس پی وجئے کباڑے و سب ڈویژنل پولیس آفیسر ارچنا پاٹل نے مذکورہ مقدمہ کے ملزمین کی تلاش کے لیے پولیس افسران کو رہنمایانہ ہدایات دیں۔ بعد ازاں اردھاپور پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر اشوک جادھو نے فوری طور پر جائے واردات پہنچ کر معائنہ کیا اور خفیہ معلومات جمع کی۔ 30 مارچ کو مذکورہ معاملہ کے ملزمین ہنگولی ضلع کے بسمت تعلقہ میں ہونے کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی۔ جس پر پولیس اسٹیشن اردھاپور کے دو مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر پولیس انسپکٹر اشوک جادھو، پولیس سب انسپکٹر کپل آگلاوے، پولیس سب انسپکٹر سائی ناتھ سروسے، پولیس نائیک راجیش گھننر، پولیس نائیک سنجے گھورپڑے، ہوم گارڈ دیپک بلّونڈ، ہوم گارڈ سرجے راﺅ منگل وغیرہ اُس علاقہ میں گئے۔ پولیس کو دیکھ کر ملزمین فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے،

تاہم پولیس نے اُن کا تعاقب کرکے اُنہیں حراست میں لیا اور اُن سے پوچھ تاچھ کی۔ حراست میں لیے گئے ملزمین میں سرجے راﺅ روہی داس ہوڑپدے ( عمر 22سال) ساکن کرنجی تعلقہ بسمت، دیوانند عرف لکھن بالاجی دودھ ماگرے ( عمر 21 سال)، ساکن کھنڈے گاﺅں، تعلقہ بسمت، پون مانک راﺅ ڈاکورے ( عمر 21 سال)، ساکن پڑس گاﺅں، تعلقہ بسمت، گووند عرف اتول رمیش ترے راﺅ ( عمر 23 سال)، ساکن کھانڈے گاﺅں، راجو ایکناتھ چوہان ساکن کھانڈے گاﺅں تعلقہ بسمت شامل ہیں۔ مذکورہ ملزمین کو حراست میں لے کر اُن سے تحقیقات کی گئی تو پتہ چلا کہ اُنہوں نے مالیگاﺅں سے بسمت روڈ پر پدماوتی پٹرول پمپ کے 9 لاکھ 54 ہزار 220 روپئے بالجبر سرقہ کرنے کی کوشش کی۔پولیس نے ان کے پاس سے دو موٹر سائیکل بھی ضبط کیے۔

ملزمین سے مزید تفتیش پر انکشاف ہوا کہ انہوں نے لمب گاﺅں پولیس اسٹیشن کے حدود میں ویشالی تائی پاﺅڑے کے پٹرول پمپ پر بھی سرقہ بالجبر کیا۔ علاوہ ازیں آسے گاﺅں ضلع واشم میں آنندی پٹرول پمپ پر سرقہ بالجبر کیا۔ پولیس اسٹیشن مانوت کے حدود میں رُدری پاٹی کے قریب کیلاش پٹرول پمپ پر بھی چوری کی۔ مہا گاﺅں کے حدود میں واقع پٹرول پمپ پر بھی چوری کرنے کا اقبال جرم ملزمین نے کیا ہے۔ اس طرح مختلف اضلاع کے پٹرول پمپ پر سرقہ بالجبر کیے جانے کا معاملہ اُجاگر ہوا ہے۔ اس کارروائی میں سینئر پولیس افسران کی رہنمائی میں پولیس انسپکٹر اشوک جادھو، پولیس سب انسپکٹر کپل آگ لاوے، پولیس سب انسپکٹر سائی ناتھ سروسے، پولیس نائیک راجیش گھتر، پولیس نائیک سنجے گھورپڑے، ہوم گارڈ دیپک بلّوڑ، ہوم گارڈ سرجے راﺅ منگل نے حصہ لیا۔