بھوپال: یہاں ایک شخص نے دودھ نہ دینے پر اپنی بھینس کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا، مقدمے کے اندراج کے کچھ روز بعد بھینس معمول کے مطابق دودھ دینے لگی۔

میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے ضلع بھینڈ میں 45 سالہ بابو تھانے پہنچ گیا اور پولیس کے پاس شکایت درج کروائی کہ میری بھینس گزشتہ کچھ روز سے دودھ نہیں دے رہی۔

بابو نے پولیس کو بتایا کہ بھینس کے دودھ نہ دینے کی وجہ سے وہ گزشتہ کچھ روز سے بہت پریشان ہے اور اب گاؤں والوں سے مشاورت کے بعد اس مسئلے کے حل کے لیے تھانے آیا ہے۔

مذکورہ شہری اپنی بھینس کو بھی تھانے لے گیا اور پولیس کو بتایا کہ میں جب بھی بھینس کا دودھ نکالنے کی کوشش کرتا ہوں تو یہ مارتی ہے جس سے مجھے شک ہے کہ کسی نے میری بھینس پر جادو کروا دیا ہے۔

بابو کی شکایت پولیس نے اپنے پاس درج کر لی اور کچھ روز بعد ہی بھینس نے دوبارہ دودھ دینا شروع کر دیا جس پر متاثرہ شخص ایک بار پھر تھانے پہنچا اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔