میزورم میں آسام کے وزیر اعلی سمیت کئی افسران کے خلاف کیس درج

میزورم اور آسام کے درمیان سرحدی تنازعہ کو لے کر ہوئے تشدد کے واقعہ میں شدت آ تی جا رہی ہے۔ اب دونوں ریاستوں نے ایک دوسرے کے افسران کے خلاف کیس درج کر دئے ہیں۔

میزورم نے آسام سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے آسام کے وزیر اعلی ہیمنت بسوا سرما اور آسام پولیس کے چار اعلی افسران کے خلاف کیس درج کیا ہے۔یہ کیس میزورم پولیس نے کولاسب ضلع کے ویرنگتے نگر کے باہری حصہ میں ہوئے تشدد کے معاملہ میں درج کئے ہیں ۔

نیوز پورٹل اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق میزورم کے پولیس ڈایریکٹر جنرل (ہیڈ کواٹر) جان این نے بتایا کی ان تمام لوگوں کے خلاف قتل کی کوشش اور مجرمانہ سازش سمیت کئی دیگر الزامات کے تحت کیس درج کئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آسام پولیس اور میزورم پولیس کے بیچ ہوئی پر تشدد جھڑپوں کے بعد یہ ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔ واضح رہے اس سے قبل اسی معاملہ میں آسام پولیس نے دو سو انجان افراد کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔