’مہمان نوازی کیلئے پٹھان آرہا ہے‘ شاہ رخ خان کی متنازع فلم کا ٹریلر جاری

1,788

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنی نئی متنازع فلم ’پٹھان‘ کا ٹریلر سوشل میڈیا پر جاری کردیا۔ بھگوا انتہا پسندی کا شکار فلم پٹھان کا ایکشن اور تھرلر سے بھر پور ٹریلر جاری کردیا گیا ہے، اس فلم میں کنگ خان اور دیپیکا کے علاوہ بالی وڈ کے ایکش ہیرو جان ابراھیم بھی نظر آئیں گے۔ اس فلم کی ہدایتکاری سدھارتھ آنندنے کی ہے، فلم کی کہانی پٹھان نام کے ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جس کیلئے اس کا مذہب، ذات اور نام سب اس کا ملک ہے شاہ رُخ خان پٹھان کا کردار ادا کرتے نظرآئیں گے۔

فلم کے ٹریلر میں شاہ رُخ کو کہتے سُنا جا سکتا ہے کہ ’جب پٹھان کے گھر پر پارٹی رکھو گے تو پٹھان مہمان نوازی کرنے تو آئے گا ساتھ پٹاخے بھی لائے گا، فلم میں دیپیکا شاہ رُخ کے ساتھ خاتون انڈر کور فوجی کا کردار نبھا رہی ہیں جس کا کام انڈیا کی حفاظت کرنا ہے۔

اس کے علاوہ شاہ رخ خان نے بھی فلم کے ٹریلر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مہمان نوازی کے لیے پٹھان آرہا ہے اور پٹاخے بھی ساتھ لارہا ہے‘۔شاہ رخ خان کے علاوہ جان ابراہم اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فلم کا ٹریلر جاری کی۔

واضح رہے کہ ایکشن، سسپینس سے بھرپور اور تنازعات کا شکار یہ فلم 25 جنوری کو ریلیز ہورہی ہے۔