مہاراشٹر کے اکولہ میں فرقہ وارانہ کشیدگی کیوں ہوئی : جانئے پوری خبر اور ویڈیو

1,872

اکولہ : مہاراشٹرا کے اکولہ میں ہفتہ کی رات ایک سوشل میڈیا پوسٹ کو لیکر دو فرقوں کے درمیان پرتشدد تصادم میں ایک شخص ہلاک اور کم از کم 10 زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد ضلع انتظامیہ نے شہر میں دفعہ 144 سی آر پی سی (کرفیو) نافذ کر دیا ہے۔

جانکاری کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شان رسالت میں گستاخی کرتے ہوئے ایک غیر مسلم شخص نے پوسٹ ڈالی ۔ پوسٹ ڈالنے کے بعد مسلم سماج نے زبردست رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پولس اسٹیشن کے باہر گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج درج کروایا۔ بعد ازیں کیس درج کرنے کیلئے پولس اسٹیشن کے باہر بڑی تعداد میں ہجوم جمع ہوگیا۔ اور حالات بے قابو ہوگئے۔

اکولہ پولیس کے مطابق، ایک کمیونٹی کے ایک شخص نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ اپ لوڈ کی، جس سے مبینہ طور پر دوسرے مذہب کے لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی، جس کے بعد پرانے شہر ہری ہر پیٹھ میں دونوں برادریوں کے لوگ ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوگئے۔

پوسٹ کو لے کر دونوں گروپوں کے درمیان زبانی تکرار کے بعد تصادم شروع ہو گیا اور بعد میں دونوں گروپ پرتشدد ہو گئے اور ایک دوسرے پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر دو گروہوں کو سڑکوں پر پتھراؤ اور ہنگامہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ پرتشدد ہجوم نے علاقے میں کئی چار پہیہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی آگ لگا دی۔

بعد ازاں آدھی رات کو ایک بڑا ہجوم اولڈ سٹی پولیس اسٹیشن کی طرف مارچ کیا اور پولیس نے حالات کو قابو میں کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا۔ رات 12 بجے کے بعد بھی علاقے میں کشیدگی برقرار رہی۔ صورت حال پر قابو پانے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا اور پرتشدد ہجوم پر فائرنگ کی۔

پتھراؤ سے زخمی ہونے والے فسادیوں میں سے ایک اتوار کی صبح سول ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ مرنے والے کی شناخت ولاس گائیکواڑ کے طور پر کی گئی ہے۔ ان کے رشتہ داروں اور داماد موہن کشن گونڈوالے نے مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ آکولہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سندیپ گھُگے نے کہا، ’’ہم اس کا جائزہ لے رہے ہیں، جو دیگر سینئر پولیس اہلکاروں کے ساتھ حالات کو قابو میں لانے کے لیے موقع پر پہنچے تھے۔

تمام زخمیوں، جن میں ایک پولیس اہلکار اور ایک لیڈی پولیس کانسٹیبل شامل ہیں، کو مقامی سول اسپتال پہنچایا گیا، جہاں دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس نے اس سلسلے میں ہنگامہ آرائی کے تین الگ الگ معاملے درج کیے ہیں اور اب تک 27 لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔ اکولا کی ایڈیشنل ایس پی مونیکا راوت نے کہا، ’’اب صورتحال قابو میں ہے۔

اکولا ضلع کلکٹر، نیما اروڑہ نے کہا، "ہم نے صورت حال کو دیکھتے ہوئے شہر کے کچھ شورش زدہ علاقوں میں غیر معینہ مدت کے لیے سی آر پی سی کی دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔”

ضلعی پولیس کے علاوہ، امراوتی سے ریاستی ریزرو پولیس فورس کی دو کمپنیاں، ہمسایہ علاقوں واشیم، بلڈھانہ اور امراوتی کے پولیس اہلکاروں کو شہر بھر میں تعینات کیا گیا تاکہ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھا جاسکے۔

مقامی ایم ایل اے، گووردھن مانگی لال شرما اور رندھیر پرہلدراؤ ساورکر (دونوں بھارتیہ جنتا پارٹی سے) نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور تمام لوگوں سے علاقے میں امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی۔