مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں کورونا سے بزرگ کی موت.61نئے معاملے

اورنگ آباد (مہاراشٹر)،11 مئی (یواین آئی) مہاراشٹر میں اورنگ آباد کے سرکاری میڈیکل کالج اسپتال(جی ایم سی ایچ) میں کورونا وائرس کے انفیکشن سے ایک بزرگ کی موت ہوگئی۔افسروں نے پیر کو بتایا کہ رام نگر کے رہنے والے 80 سالہ بزرگ کو آٹھ مئی کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔اس کی جانچ رپورٹ نو مئی کو آئی تھی جس میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔اسے وینٹیلیٹر پر رکھاگیاتھا اور کل رات ایک بج کر دس منٹ پر اس کی موت ہوگئی ۔اورنگ آبادمیں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

 مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں پیر کو کورونا وائرس کے 44نئے معاملے سامنے آنے کے کچھ ہی گھنٹوں کے اندر ہی17مزید معاملے درج کئے گئے جس سے انتظامیہ کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے۔اس کے ساتھ ہی اورنگ آباد میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے 61نئے معاملے سامنے آگئے ہیں۔شہر رام نگر علاقے میں 16اورگنگا پور میں ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا ہے۔گذشتہ چاردنوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اس مدت میں ریکارڈ 241کیسز سامنے آئے ہیں۔شہر میں اب تک کورونا وائرس سے 14افراد کی موت ہو چکی ہے اور 92 صحت یاب ہوئے ہیں۔