مہاراشٹر: پوار-راؤت میٹنگ کے بعد سیاسی ہلچل تیز، کانگریس لیڈران کی سونیا سے ملاقات آج

مہاراشٹر میں حکومت سازی کو لے کر شیو سینا-بی جے پی کے درمیان تلخیاں بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ کئی بار ایسا ضرور لگا کہ شیو سینا لاکھ اختلافات کے باوجود بی جے پی کے ساتھ جائے گی، لیکن ابھی تک اس نے اپنے پتے نہیں کھولے ہیں۔ اس درمیان جمعرات کو اس وقت سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گیئں جب شیو سینا کے سینئر لیڈر اور قومی ترجمان سنجے راؤت اچانک این سی پی سربراہ شرد پوار سے ملنے ان کے گھر پہنچ گئے۔ دونوں لیڈروں کے درمیان کیا باتیں ہوئیں، یہ تو نہیں معلوم، لیکن ریاست کے سیاسی گلیارے میں ایک طوفان سا برپا ہو گیا۔

سنجے راؤت اور شرد پوار کی میٹنگ کے بعد آج مہاراشٹر کانگریس کے سینئر لیڈران کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ اس خبر نے مہاراشٹر کی سیاست میں مزید گرمی پیدا کر دی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق مہاراشٹر کانگریس کے صدر بالا صاحب تھوراٹ، اشوک چوہان، پرتھوی راج چوہان اور مانک راؤ ٹھاکرے کی سونیا گاندھی سے ملاقات طے ہے اور یہ انتہائی اہم میٹنگ ہوگی۔ چونکہ یہ میٹنگ میں شرد پوار اور سنجے راؤت کی ملاقات کے بعد ہو رہی ہے اس لیے لوگ کافی کچھ سوچنے پر مجبور ہیں۔ بی جے پی میں بھی اس ملاقات کو لے کر کافی ہلچل ہے۔

حالانکہ این سی پی سربراہ شرد پوار سے ملاقات کو سنجے راؤت نے اخلاقی ملاقات قرار دیا ہے۔ ملاقات کے بعد سنجے نے میڈیا سے کہا تھا کہ وہ پوار کو دیوالی کی مبارکباد دینے گئے تھے۔ حالانکہ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی جوڑا کہ ملاقات میں ان دونوں لیڈروں نے مہاراشٹر کی سیاست پر بھی گفتگو کی۔ ان کا یہ بیان کافی کچھ ظاہر کر دیتا ہے۔ راؤت کے بیان کو سیاسی نظر سے دیکھنے والے کہہ رہے ہیں کہ شیو سینا کوئی بڑا قدم اٹھا سکتی ہے جس سے بی جے پی کو مشکلیں پیدا ہو جائیں گی۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

Leave a comment