نئی دہلی :ملک کی کئی ریاستوں میں کورونا وائرس کی رفتار بڑھتی جارہی ہے ۔ مہاراشٹر میں حالات کافی دھماکہ خیز ہوتے جارہے ہیں ۔ تازہ جانکاری کے مطابق واشم ضلع کے ایک سکول کے ہاسٹل میں 190 طلباء کی کورونا رپورٹ پازیٹو آئی ہے ۔

ریسوڑ تحصیل کے گاؤں دیگاؤں میں واقع آشرم شالا میں طلباء پڑھنے کیلئے یہیں پر واقع ہاسٹل میں رہتے ہیں ۔ تقریبا ان سبھی طلباء کا تعلق امراوتی سے ہے ۔ مہاراشٹر میں کورونا کی دوسری لہر کی شروعات بھی امراوتی ضلع سے ہی ہوئی ہے ۔ یہاں فی الحال یکم مارچ تک لاک ڈاؤن لاگو ہے ۔

مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8807 نئے مریض سامنے آئے ہیں ۔ یہ 18 اکتوبر کے بعد سب سے زیادہ اعداد و شمار ہے ۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 80 افراد کی موت ہوگئی ہے ۔

مہاراشٹر میں کورونا کے نئے اسٹرین سامنے آنے سے افراتفری مچ گئی ہے ۔ کرناٹک اور گجرات جیسی پڑوسی ریاستوں کی جانب سے پہلے ہی سفری پابندی نافذ کی جاچکی ہے ۔