ممبئی: مہاراشٹر حکومت نے دلی۔ این سی آر، کیرلا، گوا، گجرات، راجستھان اور اتراکھنڈ سے ٹرینوں سے یہاں آنے والے مسافروں کے لئے کورونا کی نیگیٹو رپورٹ لانا لازمی قرار دے دیا ہے۔ مہاراشٹر کے چیف سکریٹری سیتا رام کُنٹے نے ایک حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’حساس مقامات کے طور پر اعلان چھ ریاستوں سے مہاراشٹر میں داخل ہونے والے مسافروں کو سفر سے 48 گھنٹے کے دوران اپنی آر ٹی پی سی آر نیگیٹو رپورٹ لانا لازمی ہوگا‘‘

سیتا رام کُنٹے نے یہ بھی کہا کہ ان چھ ریاستوں کو حکم کی تاریخ سے تب تک حساس مقامات کے طور پر مانا جائے گا جب تک حکم کو واپس نہیں لیا جاتا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور دیگر مقامات پر دیگر وائرس ویئرینٹ کو روکنے کے لئے ریاستی حکومت نے اس طرح کی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔