مہاراشٹر میں موسلا دھار بارش سے کچھ علاقوں میں سیلابی صورتحال

752

ممبئی: مہاراشٹر کے مراٹھواڑہ، کونکن، ودربھ اور وسطی علاقوں میں مسلسل موسلادھار بارش سے گوداوری اور منیار ندیوں میں سیلاب آگیا ہے، جبکہ اورنگ آباد میں تین خواتین سیلاب میں بہہ گئیں۔

ہندوستانی محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے ریاست کے تمام ڈویژنوں میں اگلے دو دنوں میں زیادہ تر مقامات پر تیزبارش کی پیش گوئی کی ہے۔
اورنگ آباد میں والاج اور تیسگاؤں علاقوں میں ندیوں اور نہروں میں طغیانی آگئی ہے اور تین خواتین بہہ گئیں۔ موقع پر پہنچے فائر بریگیڈ نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور دو خواتین کو بچا لیا گیا ہے جبکہ ایک تاحال لاپتہ ہے۔

ضلع کے پھولمبری تعلقہ کے کھامگاؤں گاؤں میں موسلا دھار بارش سے فصلیں بہہ گئیں اور کئی گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔ اورنگ آباد کے قریب تاریخی ہرسول جھیل طغیانی پر ہے۔ سول انتظامیہ نے کھام ندی کے قریب رہنے والے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ انخلاء کے لیے تیار رہیں۔