مہاراشٹر: شندے کی کابینہ کے ڈھانچے کو حتمی شکل، 65-35 فارمولے پر وزیر بنائے جا سکتے ہیں
نئی دہلی:29۔جولائی(ورق تازہ نیوز)مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی حکومت نے حلف اٹھا لیا ہے لیکن وزارتوں کی تقسیم ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔ شیو سینا سے بغاوت کرنے والے شندے نے بی جے پی کی حمایت سے نئی حکومت بنائی اور سابق وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کو نائب وزیر اعلیٰ بنایا گیا ہے۔ ایسے میں دیکھنا یہ ہے کہ 40 خالی وزارتوں میں سے کتنی وزارتیں کس کے ہاتھ میں آتی ہیں۔ مہاراشٹر حکومت میں کل 42 وزیر بنائے جا سکتے ہیں۔ اس میں چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ شامل ہے۔ اب جہاں ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ بنے ہیں وہیں دیویندر فڑنویس نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے پر ہیں۔ یعنی مہاراشٹر حکومت میں 40 وزارتی عہدے خالی ہیں۔
کیا 65-35 کا فارمولا لاگو ہوگا؟ ایکناتھ شندے کی حکومت میں بی جے پی کے کھاتے میں مزید وزارتی عہدے آسکتے ہیں۔ بی جے پی سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی اور شندے دھڑے کے درمیان 65 اور 35 فیصد کی بنیاد پر وزارتی عہدوں کی تقسیم ہوسکتی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو بی جے پی کے کھاتے میں 24 سے 25 وزراء آئیں گے، جب کہ شندے دھڑے کے 15 سے 16 وزراء نئی حکومت کی وزراء کونسل کا حصہ بن سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ کئی چھوٹی پارٹیوں اور آزاد ایم ایل ایز نے بھی نئی حکومت کی حمایت کی ہے۔ ایسی صورت حال میں انہیں وزراء کی نئی کونسل میں بھی جگہ مل سکتی ہے۔ اس سے ایک بات تو صاف ہے کہ بی جے پی کے پاس وزیر اعلیٰ کا عہدہ ہو یا نہ ہو، لیکن اسپیکر، نائب وزیر اعلیٰ جیسے اہم عہدوں کے ساتھ ساتھ ان کے پاس حکومت میں مزید وزیر ہوں گے اور انہیں اہم قلمدان بھی دیئے جائیں گے۔