مہاراشٹر حکومت کی فہرست میں شامل صرف مراٹھی اخبارات کو اشتہار,اردو اخبارات نظر انداز‘

242

ناندیڑپربھنی:28/ فروری۔ (ورقِ تازہ نیوز)حکومت مہاراشٹر کے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ ڈائریکٹوریٹ ممبئی کی جانب سے درشنی اشتہارات کی اشاعت کےلئے ایک آرڈر آج مورخہ 28فروری2023 ءکو جاری ہوا ہے۔یہ اشتہار حکومت کی فہرست میںشامل بی درجہ اور سی درجہ کے صرف مراٹھی اخبارات کو جاری کیاگیا ہے ۔ریاست مہاراشٹر کے تمام مراٹھی اخبارات (بی درجہ )کو 1600 مربع سینٹی میٹر اور سی درجہ کے مراٹھی اخبارات کو 800 مربع سینٹی میٹر کااشتہار شائع کرنے کاآرڈر دیاگیا ہے ۔ اشتہار کی سُرخی یوں ہے ۔
”اورنگ آباد کانام اب چھترپتی سنبھاجی نگر اور عثما ن آباد کا نام دھاراشیو“۔
اشتہار میں اورنگ آباد شہر کا نام بدل کر چھترپتی سنبھاجی نگر اور عثمان آباد کا نام بدل کر دھارا شیو کرنے کے ریاستی حکومت کی تجویز کو منظور کرنے کےلئے مرکزی حکومت کاشکریہ ادا کیاگیا ہے ۔

مہاراشٹر حکومت کے اشتہارات کی نئی پالیسی کے تحت حکومت کی فہرست میںشامل مراٹھی ‘ ہندی ‘ اردو ‘انگریزی وغٰرہ زبانوںکے اخبارات کو ہردرشنی اشتہارجاری کرنے کےلئے حکومت اور اس کا متعلقہ محکمہ پابندہے ۔ لیکن بڑے افسوس کی بات ہے کہ سابق میں بالا صاحب ٹھاکرے کے یوم پیدائش پربھنی درشنی اشتہاراردو اخبارات کوجاری نہیں کیاگیاتھا ۔اوراب یکم مارچ 2023 کی اشاعت میں شائع جو درشنی اشتہارجاری کیاگیا ہے وہ صرف مراٹھی اخبارات میں ہی شائع ہورہا ہے ۔

یہ اردواخبارات کے ساتھ سراسر نا انصافی کی گئی ہے ۔ ہوسکتا ہے کہ نا انصافی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے ۔ چنانچہ مہاراشٹر کے اردو اخبارات(روزنامے ہفتہ وار) کے مالکان اور مدیران کو اس نا انصافی کے تعلق سے ریاست کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل سے موثر نمائندگی کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔